ہیلتھ کمیشن کا آپریشن ، جعلی ڈاکٹروں کے 30کلینک بند

ہیلتھ کمیشن کا آپریشن ، جعلی ڈاکٹروں کے 30کلینک بند

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن نے شہر کے مختلف علاقوں میں جاری کارروائی کے دوران 30َ عطائیوں کے اڈے سیل کر کے ان کے خلاف مزید کارروائی کا آغازکر دیا۔تفصیلات کے مطابق کمیشن کی ٹیموں نے گزشتہ دو روزمیں جن 30اڈوں کوبند کیاان میں 18 ایلوپیتھی عطائی ،چار چار ہومیو پیتھک و میڈیکل سٹور،دو جعلی دندان سازاور ایک ایک جعلی حکیم و ہڈی جوڑ شامل ہیں۔ جن ایلوپیتھی اڈوں کو بندکیا گیا ان میں حسن کلینک،حماد کلینک،رشید کلینک،وراث کلینک ، شاہد کلینک ،عمران کلینک،شوکت کلینک ، شہزاد کلینک ، وحید چوہدری کلینک،مغل کلینک ، غلام نبی کلینک،فوجی کلینک ، صغراں حفیظ کلینک،آفتاب کلینک ، شبیر کلینک ، ہجویری کلینک ، مدنی کلینک اورسحر کلینک شامل ہے۔مزید برآں ہومیو پیتھک کلینک،علی ہومیو کلینک،سبحان اللہ ہومیو کلینک اور رحمان ہومیو پیتھک فری ڈسپنسری کو بند کرنے کے علاوہ کشمیر میڈیکل سٹور،منابھائی میڈیکل سٹور، مشتاق میڈیکل سٹور اینڈ کلینک اور ہاشمی میڈیکل سٹور اینڈ کلینک کو بھی سربمہر کیا گیا ۔دو جعلی دندان سازوں خالد ڈینٹل اورعلی نواز ڈینٹل کلینک کے اڈوں کو سیل کرنے کے ساتھ ساتھ چاند ہڈی جوڑاور جمیل دواخانہ اینڈ پنسار سٹور کو بھی بند کر دیا گیا۔ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کے تر جما ن کے مطابق امسال فروری میں کمیشن نے صوبہ میں 229 عطائیوں کے اڈوں کو بند کیا ہے ،جن میں سب سے زیادہ 172عطائی جنرل فزیشن کے طور پر کام کررہے تھے۔ مزیدبرآں ضلعی حکومتوں نے بھی پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2010ء کے تحت130عطائیوں کے اڈوں کو سیل کرکے رپورٹیں بھجوا دی ہیں اورکمیشن نے ان کے خلاف مزید کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1