پی ایس ایل تھری میں سٹے بازوں کی کوشش ، بکی کی تصویر جاری

پی ایس ایل تھری میں سٹے بازوں کی کوشش ، بکی کی تصویر جاری

شارجہ(نیٹ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں سٹے بازی کی کوشش ناکام بنادی اور ایک بکی کی تفصیلات بھی جاری کردیں۔پی سی بی کی جانب سے ایک بکی کی تصویر بھی جاری کی گئی، عمر نامی بکی کا تعلق بنگلہ دیش سے ہے۔سٹے بازوں نے اسپاٹ فکسنگ کی کوشش کی اور اس بار کھلاڑیوں سے رابطے کا ذریعہ سوشل میڈیا ویب سائٹس تھیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے تفتیش کاروں نے انٹیلی جنس نیٹ ورک کے ذریعے جو شواہد حاصل کیے ہیں ان کے مطابق ان سٹے بازوں کا تعلق بھارت اور بنگلہ دیش سے ہے، جنہوں نے پاکستان سپر لیگ کے دوران کم از کم تین ٹیموں کے کھلاڑیوں سے واٹس ایپ اور فیس ٹائم کے ذریعے رابطہ کیا تھا، لیکن تینوں کرکٹرز نے فوری طور پر اس واقعے کو رپورٹ کردیا ہے۔دونوں سٹے باز دبئی میں دکھائی دیئے ہیں تاہم ابھی تک ٹیم ہوٹلوں سے دور ہیں۔انسداد کرپشن یونٹ نے تمام ٹیموں کے کھلاڑیوں کو نئی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ دونوں سٹے بازوں کی دبئی آمد کی اطلاع ہے۔ بریفنگ میں ایک سٹے باز کی تصویر بھی دکھائی گئی اور کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ان میں سے کوئی بھی شخص ٹیم ہوٹل کے ارد گرد دکھائی دے تو اس کی فوری رپورٹ پی سی بی کو کردی جائے۔ دونوں سٹے بازوں کا تعلق انٹرنیشنل مافیا سے ہے اور دونوں آئی سی سی اور ٹیسٹ کھیلنے والے ملکوں کی فہرست میں بلیک لسٹ ہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس حلیے کے کسی شخص کو نہیں دیکھا ہے، تاہم پی سی بی کے تفتیش کاروں نے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے صورتحال کا جائزہ لیا ہے، جس کے مطابق دونوں غیر ملکی سٹے باز ٹیم ہوٹلوں کے قریب دکھائی نہیں دیئے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی