اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندر کو سپر اوور میں شکست دیدی

اسلام آباد یونائیٹڈ نے لاہور قلندر کو سپر اوور میں شکست دیدی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


شارجہ(نیٹ نیوز) پاکستان سپر لیگ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز کے درمیان سنسنی خیز مقابلے کے بعد اسلام آباد نے سپر اوور میں لاہور کو شکست دے دی۔ شارجہ میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے بارہویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 121 رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز کی پوری ٹیم 121 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور یوں میچ برابر رہا جس کے بعد سپر اوور کروایا گیا۔سپر اوور میں لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میکلم اور عمر اکمل کے چھکوں کے مدد سے 15 رنز بنائے جب کہ محمد سمیع نے میکلم کی وکٹ بھی حاصل کی جس کے جواب میں آصف علی اور اندرے رسل نے اننگز کا آغاز کیا اور لاہور کی جانب سے مستفیض الرحمان نے اوور کروایا مگر رسل نے آخری گیند پر چھکا لگا کر اسلام آباد کو فتحیاب کروایا۔قبل ازیں لاہور قلندرز کے کپتان برینڈن میکلم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 121 رنز بنائے ۔ اسلام آباد کی جانب سے لیوک رونچی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کا آغاز کیا، حیران کن طور پر کپتان میکولم نے فخرزمان کو نئی گیند تھمائی اور انہوں نے بھی کپتان کی امیدوں پر پورا اترتے ہوئے دوسری ہی گیند پر لیوک رونچی کوصفرپرکلین بولڈ کردیا۔صاحبزادہ فرحان 6 ،کپتان مصباح الحق 4 ،سمیت پٹیل 9 ، آصف علی 16 ،ڈومینی 34 اورطلعت حسین نے 33 رنز کی اننگز کھیلی۔ یاسر شاہ نے 3 اور سہیل خان نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فخرزمان، سلمان ارشد، مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔جواب میں کھیلتے ہوئے لاہورقلندرز کی ٹیم 121رنز پر ڈھیر ہوگئی۔اسلام آباد کے پٹیل نے اننگزکے پہلے اوورمیں عمراکمل کو4اورفخرزمان کو صفرپر آؤٹ کردیا۔آغا سلمان نے کپتان میکلم کے ساتھ تیسری وکٹ کے لیے 73 رنز جوڑے ،آغاسلمان 48 رنز پرآؤٹ ہوگئے۔ دنیش رامدین اور سہیل اختر صرف 4،4 رنزہی بناسکے،میکولم نے49 گیندوں پر 34 رنز بنائے۔ سمت پٹیل نے 3، محمد سمیع نے 2 جب کہ شاداب خان، اندرے رسل اور فہیم اشرف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سمیع بہترین کھلاڑی رہے۔