مختلف وارداتوں میں ملوث 5گروہوں کے 29ملزم گرفتار
لا ہور (کر ائم رپو رٹر)سی آئی اے پولیس نے ڈکیتی، راہزنی، موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارادتوں میں ملوث 5گروہوں کے 29ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 82لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، موٹر سائیکلیں، موبائل فونز، نقدی، دیگر قیمتی اشیاء اور ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ایس پی سی آئی سید ندیم عباس نے گز شتہ روزانویسٹی گیشن ہیڈ کوارٹر قلعہ گجر سنگھ میں ایک پریس کانفرنس کے دوران بتائی۔ اُنہوں نے کہا کہ سی سی پی اولاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس کی واضح ہدایات کے تحت سی آئی پولیس کی سپیشل ٹیمیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف دن رات سر گرم عمل ہیں۔ جس کے تحت CIAسول لائن نے ارشدشاہ ڈکیت گینگ کے 5ارکان کو سرغنہ سمیت گرفتارکیا۔ملزمان مسلح ہوکر شارع عام پرگن پوائنٹ پرمعصوم شہریوں سے موٹرسائیکل چھینتے اور چوری بھی کرتے۔ملزمان کے قبضہ سے 17موٹرسائیکل ، 8 لاکھ روپے نقدی اور ناجائز آتشیں اسلحہ برآمد کیا گیا۔اس کے علاوہ CIA سول لائن نے گھروں اور فیکٹریوں میں نقب زنی کی وارداتوں میں ملوث نویدمسیح عرف چھوٹا ڈکیت گینگ کے 8ملزمان کو سرغنہ سمیت گرفتار کر لیا۔ ملزمان کی ہمرائی عورتیں گھروں میں کام کے بہانے جاتیں اور گھروں سے قیمتی سامان چوری کرتیں تھیں۔ملزمان متعدد سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں بھی ملوث ہیں جن کے قبضہ سے23لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا گیا۔ایس پی سی آئی اے نے مزید بتایا کہ سی آئی اے کاہنہ پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے3ڈکیت گینگز کے16ممبران کو گرفتار کیا۔سی آئی اے کاہنہ نے آصف اقبال ڈکیت گینگ کو گرفتار کرتے ہوئے ان کے قبضہ سے موبائل فون ، نقدی کل مالیتی 15لاکھ روپے برآمد کرلیے۔ملزمان اپنے طریقہ واردات میں گن پوائنٹ پر شارع عام پر معصوم شہریوں کو یرغمال بناکر وارداتیں کرتے تھے۔اس کے علاوہ خالدی ڈکیت گینگ کے 6 ممبران کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے 8 لاکھ روپے نقدی برآمد کر کی گئی۔ملزمان گن پوائنٹ پر معصوم شہریوں کو یرغمال بناکر واردات کرتے جن کے قبضہ سے 3 پمپ ایکشن اور متعدد کارتوس بھی برآمد ہوئے۔انہوں نے کہا کہ سی آئی اے کاہنہ نے علی رضا عرف منشی ڈکیت گینگ کے 5 ممبران کو سرغنہ سمیت گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے 19 لاکھ روپے مالیت کی نقدی برآمد کرتے ہوئے ناجائز اسلحہ بھی برآمد کیا۔یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ تمام گینگز کے ملزمان لاہور پولیس کو انتہائی مطلوب تھے۔ جو معصوم شہریوں کو اسلحہ کے زور پر لوٹتے اور واردات کرتے ہوئے خوف وہراس پھیلاتے تھے۔شہریوں کی مال و جان کا تحفظ لاہورپولیس کی اولین ترجیح ہے۔ ایس پی سی آئی اے لاہورسید ندیم عباس نے انچارج سی آئی اے سول لائن انسپکٹرمیاں شفقت اور انچارج سی آئی اے کاہنہ سیدحسنین حیدر کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے پولیس ٹیموں کے لیے تعریفی اسناد کا اعلان کیاہے۔