فاروق ستار کا مشاہد حسین کی حمایت کا اعلان

فاروق ستار کا مشاہد حسین کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما فارق ستار نے سینیٹ الیکشن میں ٹیکنوکریٹ نشست پر مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار مشاہد حسین سید کی حمایت کا اعلان کردیا۔مسلم لیگ (ن) کے وفد سے ملاقات کے بعد مشاہد حسین سید کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق ستار نے ازراہ مذاق کہا کہ 'مشاہد حسین سید اس وقت آزاد امیدوار ہیں، اس طرح ہمارے لیے بھی آسانی ہوگی اور ہوسکتا ہے کہ سینیٹر بننے کے بعد شاید وہ ایم کیو ایم پاکستان میں شمولیت اختیار کرلیں'۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ مشاہد حسین کی جیت کے بعد وہ اپنی پارٹی میں ایک چیپٹر بنادیں گے، جس کا نام ایم کیو ایم پاکستان مسلم لیگ (ن) چیپٹر ہوگا، جس کی سربراہی مشاہد حسین سید کریں گے۔فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ 'یہ حمایت اس لیے نہیں کی جارہی کہ یہ سی پیک کو دیکھ رہے ہیں اور ہمیں چین کے ویزے چاہئیں، بلکہ اس لیے ہے کیونکہ یہ ایک اہم اور قومی منصوبہ ہے'۔فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ 'ووٹ ووٹ ہونا چاہیے، اس کے ساتھ نوٹ نہیں آنا چاہیے'۔ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ سینیٹ امیدوار اسد جونیجو بھی ہم سے اچھی امید رکھیں۔ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ باقی جماعتیں ساتھ دیں تو قومی ایجنڈے کا اعلان کریں گے

حمایت

مزید : صفحہ اول