میرے دامن پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں، ملک و قوم کی خدمت جاری رکھوں گا : شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ میں ہمیشہ کرپشن کے خلاف رہا ہوں اور اس حوالے سے میرے دامن پر کوئی داغ نہیں،جھوٹے الزامات لگانے والوں کو سوچنا چاہئے کہ سرمایہ کاری کرنے والے دوسرے ممالک کیا سوچتے ہوں گے، عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبے بنائے، عوام کی عدالت میں آج ہم سرخرو ہیں ہمارا جینا مرنا اپنے عوام کے ساتھ ہے،ہمیشہ عوام کی خدمت کی اور آئندہ بھی بھرپور جذبے سے کرتے رہیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں وفاقی وزیر انجینئرخرم دستگیرخان ،سینیٹر سلیم ضیاء،اراکین صوبائی اسمبلی،امتیاز احمد لالی،علی عباس کھوکھراورعامرحیات ہراج شامل تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے خدمت کی سیاست کی، مخالفین الزامات کی گرد اڑاتے رہے۔ جھوٹ بولنے والوں نے اپنا کام کیا اور ہم نے عوام کی خدمت کا اپنا ایجنڈا پورا کیا۔ مخالفین الزامات کی گرد سے ترقی کے منظرنامے کو دھندلا نہیں سکتے کیونکہ سچ سچ ہوتا ہے اور ہزار جھوٹ بھی مل کر ایک سچ نہیں بناسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر چھوٹے بڑے شہر کو لاہور ملتان جیسا ترقی یافتہ اور خوبصورت شہر بنانا چاہتے ہیں۔قبل ازیں وزیراعلیٰ شہبازشریف سے گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ نے ملاقات کی۔جس میں باہمی دلچسپی کے امور ا ور صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ حکومت پنجاب عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ جاری رکھے گی جبکہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس معیار، رفتار اور شفافیت کے وژن کے مطابق پایہ تکمیل تک پہنچائے جائیں گے۔دریں اثنا وزیراعلیٰ شہبازشریف سے سٹرٹیجک ریفارمز یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل سلمان صوفی نے ملاقات کی۔ ڈی جی ایس آر یو نے وزیراعلیٰ کو شہر خموشاں پراجیکٹ ،ویمن آن ویلز اوردادرسی مرکز برائے خواتین کے قیام پرپیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب معاشی ترقی میں خواتین کو مساوی مواقع دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ۔خواتین کیلئے دادرسی مرکز کا قیام پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کا اعزاز ہے اورشہر خموشاں جیسے اخترائی پراجیکٹ سے بڑے شہروں میں قبرستانوں کی ضرورت کا مسئلہ حل کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ترقی کے سفر میں شرکت کیلئے خواتین کو آمدورفت کی بہتر سہولتیں فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے ۔سلما ن صوفی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملتان ،سرگودھا اورفیصل آباد میں شہر خموشاں پراجیکٹ رواں ماہ شروع ہوجائے گا۔پنجاب کے پانچ اضلاع میں بہت جلد شہر خموشاں پراجیکٹ جلد شروع کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ فیصل آباد میں خواتین کیلئے دادرسی مرکزمارچ میں کام شروع کردے گاجبکہ ’’ویمن آن ویلز ‘‘پراجیکٹ کے تحت چند ہفتوں میں ایک ہزار خواتین کو موٹرسائیکلیں دی جائیں گی۔
شہبازشریف