فضائیہ کالج کی تقریب تقسیم انعامات،310طالبات میں اسناد تقسیم
لاہور (ایجوکیشن رپورٹر)صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ خواتین پاکستان کی کل آبادی کا نصف حصہ ہیں ،انہیں تعلیم یافتہ اور ہنر مندبناکر مجموعی سماجی ترقی کو تیز تر کیا جا سکتا ہے۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب نے ترقیاتی حکمت عملی میں بہبود خواتین کو خصوصی اہمیت دی ہے تا کہ کوئی عورت تعلیمی وسائل کی کمی یا غربت کی بنا پر ترقی کی دوڑ میں پیچھے نہ رہ جائے۔یہ بات انہوں نے فضائیہ کالج آف ایجوکیشن برائے خواتین لاہورکے تیسرے کانووکیشن کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ائیر یونیورسٹی اسلام آباد کے وائس چانسلر ائیر وائس مارشل (ر) فائز امیر نے تقریب کی صدارت کی۔صو بائی وزیر رانا مشہود نے اپنے خطاب میں پاک فضائیہ کی جانب سے خواتین کی تعلیمی ضروریات کو پورا کرنے کی غرض سے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا اور کہا کہ بلاشبہ فضائیہ کالج آف ایجوکیشن برائے خواتین لاہورمستقبل کے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کے لیے خواتین کی تعلیمی ضروریات کو بطریق احسن پورا کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ خواتین معاشرتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔قائدِ اعظم کے فرمان کے مطابق جب تک خواتین مردوں کے شانہ بشانہ شریک نہ ہوں، کوئی جدوجہد کامیاب نہیں ہوسکتی۔ مجھے یقین ہے کہ اس ممتاز ادارے کی فراہم کردہ تعلیمی بنیاد پرطالبات ایک شاندار مستقبل تراشیں گی۔اس موقع پرصوبائی وزیر رانا مشہود نے میڈل اور اسناد حاصل کرنے والی طالبات کو مبارکباد دی۔انہوں نے اساتذہ کی بہترین کاوشوں کوبھی سراہا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے مختلف شعبہ جات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والی طالبات میں میڈلز اورسر ٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔ اس موقع پر بی بی اے (آنرز)، بی اے اور بی ایڈ کورسز کی 310 طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں۔قبل ازیں فضائیہ کالج آف ایجوکیشن برائے خواتین کی پرنسپل مسز عطرت عرفان نے کالج کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔