تعلیم کا گرتا معیار شریف برادران کی پالیسیوں کے تسلسل کا نتیجہ ہے ،عبد العلیم

تعلیم کا گرتا معیار شریف برادران کی پالیسیوں کے تسلسل کا نتیجہ ہے ،عبد العلیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے سکولوں کی حالت زار شہباز شریف کی نام نہاد گڈ گورننس کا ثبوت ہے ،عوام کو تعلیم سے دور رکھنا اور موجودہ برے تعلیمی حالات شریف برادران کی پالیسیوں کے تسلسل کا نتیجہ ہیں ،انہوں نے کہا کہ قوموں کے زوال میں پہلا قدم تعلیم سے دوری ہوتا ہے شریف براداران نے قوم کو مقروض اور قومی مستقبل کو نا خواندہ رکھنے کی گھناؤنی سازش کی ہے ،2018تک سوفیصد خواندگی کی حکومتی نعرے بازی اختتام پذیر ہو کر اپنے منطقی انجام کو پہنچ گئی اور جعلی منصوبہ ساز وں نے تعلیم جیسے مقدس فریضے کو اپنے پاگل پن کی نذر کر دیا ہے ۔عبدالعلیم خان نے چیئرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 8ہزار سکولوں میں ایک ایک استاد شریفوں کی تعلیمی پالیسی کا مذاق اڑا رہا ہے ،پڑھو پنجاب ،بڑھوپنجاب کے نعرے لگانے والے پاکستان کے معصوم بچوں سے بھی ہاتھ کر کے ان کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں ایسی ناکام حکومت پہلے یکھنے ،سننے اور پڑھنے میں نہیں آئی ،آج قوم ناکردہ گناہوں کی سزا بھگت رہی ہے عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ 56کمپنیوں کے ناکارہ منصوبوں پر کھربوں روپے خرد برد کرنے والے عناصر آج انتہائی ڈھٹائی سے ایک بارپھر عوام سے ووٹ کی بھیک مانگ رہے ہیں ،گوکہ ان سکولوں میں اساتذہ کے علاوہ چار دیواری ،بیت الخلا اور پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں لیکن جب استاد ہی موجود ہی تو ضرورتوں اور سہولتوں کا رونا بیکار ہے عبدالعلیم خان نے کہا کہ ریاست اور حکومت مل کر عوامی شعور کو بڑھاوا دیتی ہیں جس کے نتیجے میں با شعور اور محب وطن شہری پیدا ہوتے ہیں جن کے تخلیقی ذہنوں سے قوم کے لئے بہترین میگا پراجیکٹ برآمد ہوتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ موجودہ سکولوں کی صورتحال سے تو احد چیمہ اور فواد حسن فواد جیسے ذہن ہی ریاستی کاروبار کا حصہ بن کر کرپٹ حکمرانوں کے کاسہ لیس بنیں گے اور پوری قوم کو قرض اور غلامی کی بد ترین ذلت میں دھکیل دیں گے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا دہائیوں سے یہ وطیرہ رہا ہے کہ جہالت پھیلاؤ اور عام آدمی کو تعلیم کی روشنی سے دور رکھو تاکہ ان پر آسانی سے حکمرانی کی جا سکے ،ناخواندگی جہالت کو اور جہالت مسلم لیگ ن جیسی قوم دشمن سیاسی جماعتوں کو جنم دیتی ہے ۔