ن لیگ کا عدلیہ و فوج مخالف رویہ ریاست کیلئے انتہائی خطرناک ہے، حامد رضا

ن لیگ کا عدلیہ و فوج مخالف رویہ ریاست کیلئے انتہائی خطرناک ہے، حامد رضا

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ ن لیگ کا عدلیہ و فوج مخالف رویہ ریاست کے لئے انتہائی خطرناک ہے۔ احتساب کا دائرہ وسیع ہوتا نظر آ رہا ہے۔ عدلیہ اور نیب کی فعالیت سے جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں۔ نئے این آر او کے لئے اداروں پر دباؤ ڈالا جا رہا ہے۔ ن لیگ شریف خاندان سے حساب نہ مانگنے کو ہی جمہوریت سمجھتی ہے اور نواز شریف سمجھتے ہیں کہ وہ نہیں تو ملک اور جمہوریت بھی نہیں۔ ملک میں بحران بیڈ گورننس کی وجہ سے پھیلتا جا رہا ہے۔ ’’پہلے احتساب پھر انتخاب ‘‘ پوری قوم کا مطالبہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل لاہور کے صدر مفتی محمد حبیب قادری کی رہائش گاہ پر علماء و مشائخ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ عام انتخابات سے پہلے کڑا احتساب نہ ہوا تو کرپشن کی کمائی والے پھر منتخب ہو جائیں گے۔ احتساب کے بغیر انتخاب کا کوئی فائدہ نہیں۔ نیب اور عدلیہ کی فعالیت پر قوم مطمئن اور خوش ہے۔ ن لیگ نے نیب کے خلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد منظور کر کے کرپشن سے محبت کا ثبوت دیا ہے۔ سینٹ الیکشن میں ہونے والی ہارس ٹریڈنگ نے جعلی جمہوریت کو بے نقاب کر دیا ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے مزید کہا کہ حکومت نے پٹرول مہنگا کر کے غربت کی آگ میں جلتی عوام پر بم پھینک دیا ہے۔ موجودہ حکومت تاریخ کی نااہل ترین اور ناکام ترین حکومت ہے۔ مارچ کا مہینہ ختم ہونے سے پہلے بہت کچھ الٹ پلٹ جائے گا۔ کرپٹ مافیا سے نجات حاصل کئے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عدلیہ کے خلاف نواز شریف جیسی زبان سندھ یا بلوچستان کے کسی لیڈر نے استعمال کی ہوتی تو وہ جیل میں ڈالا جا چکا ہوتا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4