میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پشین گوئی

میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی پشین گوئی

لاہور،کراچی(کامرس رپورٹر،این این آئی)محکمہ موسمیات نے پہاڑوں و گلیات میں برف باری اور میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ مزید جاری رہنے کی پیشن گوئی کی ہے۔ آئندہ 12گھنٹوں میں بالائی خیبرپختونخوا، اسلام آباد، بالائی پنجاب میں راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، سرگودھا ڈویژن، فاٹا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ کوہاٹ، بنوں ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں جبکہ ملتان اور ڈی جی خان ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔ دریں اثناکراچی میں مارچ کے شروع میں ہی شہر کا پارہ40ڈگری سینیٹی گریڈ سے تجاوز کرجائیگا۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مارچ کے مہینے میں گرمی کا بھی آغاز ہوجائیگا اور کراچی والوں کو شدید گرمی کا سامنا ہوگا۔ ڈائریکٹر موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مکمل طو رپر گرمی کا آغاز ہوگیا ہے اور مارچ میں پارہ40ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرجائیگا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی سمیت ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

مزید : صفحہ آخر