فورسز کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن لوٹ آیا،جنرل عاصم سلیم باجوہ

فورسز کی قربانیوں سے بلوچستان میں امن لوٹ آیا،جنرل عاصم سلیم باجوہ

کوئٹہ(این این آئی)کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے اور آپ نے خوشحال بلوچستان کی ترقی کے مخالف دہشت گردوں کو شکست دے دی ہے جو بچے کچھے دہشت گرد ہیں انشاء اللہ اُن کو بھی جلد انجام تک پہنچایا جائے گا۔یہ بات انہوں نے جمعہ کو بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے تربت میں مکران میلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مہمان خصوصی کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے تقریب کے شاندار انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد دی اور کہا کہ کیچ سٹیڈیم میں لوگوں کا جم غضیر اس بات کی گواہی دے رہا ہے کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں بلوچستان میں امن لوٹ آیا ہے۔ خوشحال بلوچستان پروگرام کے تحت مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو چکا ہے اور انشاء اللہ جلد ہی مکران ڈویژن کے ترقیاتی منصوبوں کا سنگِ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ ان منصوبوں کی تکمیل سے علاقے میں خوشحالی آئے گی اور مقامی آبادی کا معیارِ زندگی بلند ہو گا۔ بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے مقامی فنکاروں نے مختلف روایتی لوک رقص اور نغمے پیش کر کے حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

مزید : صفحہ آخر