سی پیک اور ایٹمی پروگرام دشمنوں کو برداشت نہیں ہو رہا،حافظ سعید

سی پیک اور ایٹمی پروگرام دشمنوں کو برداشت نہیں ہو رہا،حافظ سعید

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ سعید نے کہا ہے کہ بھارت، امریکہ اور ان کے اتحادی پاکستان کا گھیراؤ کر رہے ہیں۔ بلوچستان کو خاص طور پردہشت گردی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انڈیا امریکہ کی شہہ پر کنٹرول لائن پر فائرنگ جیسی مذموم حرکتیں کر رہا ہے۔سی پیک منصوبہ اور ایٹمی پروگرام دشمن قوتوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔ امریکی سرپرستی میں بھارت نے پاکستان کی جانب میلی نگاہ ڈالی تو منہ توڑ جواب ملے گا۔ بھارتی و امریکی خوشنودی کیلئے جماعۃالدعوۃ کے تعلیمی ادارے، ہسپتال، ایمبولینسیں اور ڈسپنسریاں قبضہ میں لی گئیں۔آزمائشیں اور مشکلات ضرور ہیں لیکن ہم مایوس نہیں ہیں۔ اللہ حالات تبدیل کرنے والا ہے۔بیرونی قوتوں کی ڈکٹیشن پرفیصلے کرنے والوں کواللہ کی پکڑ سے ڈرنا چاہیے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے دوران انہوں نے کہاکہ قرآن پاک مسلمانوں کی ہر قسم کے حالات میں رہنمائی کرتا ہے۔ مسلم حکمرانوں اور عوام کو چاہیے کہ جس طرح کے بھی حالات درپیش ہوں وہ یہ دیکھیں کہ اللہ رب العزت کیا رہنمائی کرتا ہے اور قرآن ہمیں کیا راستہ دکھاتا ہے۔ اگر ہم کتاب و سنت کے مطابق اپنے مسائل حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو اس کا مطلب ہے کہ ہم اسلام کی تعلیمات پر صحیح معنوں پر عمل پیرا ہیں۔ایسے لوگوں کو آسمانوں سے مدد ملتی ہے اور مشکلات ختم ہو تی ہیں۔اللہ تعالیٰ مسلمانوں کو آزمائشوں میں مبتلا کر کے آزماتا ہے کہ مشکل حالات میں کون استقامت اختیار کرتا ہے اور کون بے صبری کا مظاہرہ کر کے نافرمانیوں میں مبتلا ہو تا ہے۔

مزید : صفحہ آخر