کمسن بچوں کی سکولوں میں داخلہ مہم شروع، یونیورسل انرولمنٹ کمپین کمیٹی قائم

کمسن بچوں کی سکولوں میں داخلہ مہم شروع، یونیورسل انرولمنٹ کمپین کمیٹی قائم

لاہور(حافظ عمران انور)محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے پنجاب کے پرائمری سکولوں میں5سے 9سال کے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کرنے اور انہیں سکولوں میں داخل کرنے کے لئے یونیورسل پرائمری انرولمنٹ کمپین 2018کا آج سے آغاز کر دیا ۔داخلہ مہم وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے ۔ داخلہ مہم کی کامیابی کے لئے یونیورسل انرولمنٹ کمپین کمیٹی کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ محکمہ تعلیم نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق 5سال سے 9سال تک کے بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے اور انہیں تعلیم کی طرف راغب کرنے کے لئے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں یونیورسل پرائمری داخلہ مہم کا آغاز کر دیا ہے اس ضمن میں محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے تمام اضلاع کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز ایجوکیشن کو ایک مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے جس میں انہیں داخلہ مہم کو کامیاب کروانے کے لئے تما وسائل کو بروئے کار لانے کا کہا گیا ہے ۔ مراسلے کے مطابق داخلہ مہم کے پہلے مرحلے کا آغاز آج سے شروع ہو گیا ہے اور گرمیوں کی چھٹیوں سے قبل پہلے مرحلے کے اختتام کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے مہم کا دوسرا مرحلہ اس کے بعد شروع کیا جائے گا۔ یو پی ای کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر اور ہفتہ واراپنی رپورٹ محکمہ کو ارسال کرے گی ۔ مراسلے میں کمیٹی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کمیٹی کے ممبران ڈور ٹو ڈور گھروں میں جا کر والدین سے 5سے 9سال تک بچوں کو سکولوں میں داخل کروانے کی طرف راغب کرے گی اور سکولوں میں داخلہ مہم کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کے لئے سیمینار اور تقریبات کا انعقاد بھی کرے گی ۔بچوں کے زیاد سے زیادہ داخلوں کے لئے انہیں سکولوں کو ملنے والے نان سیلری بجٹ سے مفت کتابیں اور سکول بیگ بھی فراہم کرنے کی پابند ہو گی ۔ یونیورسل انرولمنٹ کمپین کمیٹی کے ڈائریکٹر سپیشل سکرٹری سکول ایجوکیشن رانا حسن اختر ہوں گے جبکہ کمیٹی کے مینیجر ری ٹینشن رپورٹنگ ڈائریکٹر مانیٹرنگ پنجاب رانا عبدالقیوم ،مینیجر ایکسس ٹو ایجوکیشن مشتاق احمد سیال اور مینیجر ڈور ٹو ڈور کمپین ڈی پی آئی کے ڈائریکٹر ایڈمن ایلیمنٹری ایجوکیشن فیض اللہ خان ترین ہوں گے۔

مزید : صفحہ آخر