پرویز مشرف کوپارٹی صدارت سے ہٹانے کیلئے درخواست پر اُن کی نااہلی سے متعلق عدالتی حکم نامہ طلب

پرویز مشرف کوپارٹی صدارت سے ہٹانے کیلئے درخواست پر اُن کی نااہلی سے متعلق ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کو آل پاکستان مسلم لیگ کی صدارت کے عہدہ سے ہٹانے کے لئے دائر درخواست پر سابق صدرپرویزمشرف کی نااہلی سے متعلق عدالتی حکم نامہ طلب کر لیا۔جسٹس شاہد کریم کے روبرو درخواست گزار مقامی وکیل محمد آفاق نے موقف اختیار کیاکہ آئین کے آرٹیکل 62،63 کے تحت پرویز مشرف کو 2013 ء کے الیکشن میں نا اہل قرار دیا گیا،پولیٹیکل پارٹیز آرڈر اینڈ رولز کے تحت نا اہل شخص پارٹی صدر نہیں بن سکتا، سپریم کورٹ نواز شریف کو بھی اسی قانون کے تحت پارٹی صدارت سے نا اہل کر چکی ہے،بطور پارٹی صدر پرویز مشرف کی جانب سے کئے گئے تمام فیصلے کالعدم قرار دئیے جائیں،انہوں نے مزید استدعا کی کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے تمام ممبران اسمبلی کو بھی نا اہل قرار دیا جائے،عدالت پیمرا کو پرویز مشرف کی تقاریر نشر کرنے سے روکے،فاضل جج نے استفسار کیا کہ کیا درخواست کے ساتھ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی نااہلی کے عدالتی احکامات لگائے گئے ہیں؟ جس کا وکیل نے نفی میں جواب دیااس پرعدالت نے درخواست گزار کو مشرف کی نااہلی کا عدالتی حکم پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

مزید : صفحہ آخر