کراچی میں پاک بحریہ کے 32ٹن بلرڈ پل ٹگ کی لانچنگ تقریب
کراچی (این این آئی)پاک بحریہ کیلئے تعمیر کئے گئے 32 ٹن بلرڈ پل ٹگ کی لانچنگ تقریب کراچی شپ یارڈ میں ہوئی۔تقریب کے مہمان خصوصی سیکریٹری وزارت دفاعی پیداوار لیفٹیننٹ جنرل (ر)محمد اعجاز چوہدری تھے۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق تعمیر کردہ اس ٹگ کی لمبائی 34 میٹر جبکہ وزن 481 ٹن اور رفتار 12 ناٹیکل میل فی گھنٹہ ہے۔مہمان خصوصی نے شپ بلڈنگ کے شعبے میں خود انحصاری کے حصول کیلئے پاک بحریہ اور کراچی شپ یارڈ کے کردار کو سراہا۔اس موقع پر سیکریٹری وزارت دفاعی پیداوار نے سی پیک کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کی جانب سے گوادر میں شپ یارڈ کی منظور ی کا بھی اعلان کیا۔پاک بحریہ کے ٹگ کی لانچنگ کی تقریب میں سینئر نیول آفیسر ز سمیت اعلی سول و ملٹری شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔