ٹکٹ ایگزامینرکی نوکری سے برطرفی پرپاکستان ریلوے کو نوٹس
لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان ریلوے کے سابق ٹکٹ ایگزامینر کو بد عنوانی کے الزام میں نوکری سے فارغ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر پاکستان ریلوے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔جسٹس شمس محمود مرزا کے روبرو درخوست گزارسابق ٹکٹ ایگزامینر عبد القیوم کی جانب سے موقف اختیار کیا گیاکہ 5 لاکھ روپے کی مالی بدعنوانی کے الزام میں نوکری سے نکال دیا گیا جبکہ محکمہ کی طرف سے کوئی شوکاز نہیں دیا گیا اور نہ ہی شنوائی کا موقع دیا گیا ہے جبکہ عدالتی کے حکم کے باوجود درخواست گزار کو چارج شیٹ کی کاپی بھی نہیں دی جا رہی ہے ،عدالت کے حکم کے باوجود واجبات بھی نہیں دیئے جا رہے ہیں ،درخواست نے استدعا کی کہ عدالت محکمہ کو انکوائری کی چارج شیٹ اور واجبات کہ ادائیگی کا حکم دے۔