نواز شریف کا بیانیہ مختلف اورشہباز شریف کا اور ہے،شاہ محمود

نواز شریف کا بیانیہ مختلف اورشہباز شریف کا اور ہے،شاہ محمود

ملتان (این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ (ن )لیگ میں دو سوچیں کار فرما ہیں ٗایک محاذ آرائی کی دوسری محاذ آرائی سے بچنے کی،وقت بتائے گا لوگ کس سوچ کو سپورٹ کریں گے،کئی دفعہ نادان دوست خطرناک ثابت ہوتے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ نواز میں ایک گروہ محاذ آرائی کی سوچ رکھتی ہے ،مسلم لیگ نواز کے جو ممبران عدلیہ مخالف بیان دے رہے ہیں وہ پارٹی کی خدمت نہیں کر رہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کا بیانیہ کچھ اور تھا جبکہ شہباز شریف کا بیانیہ کچھ اور ہے ٗ آنے والا وقت فیصلہ کریگا کہ دونوں میں سے کس کا بیانیہ قابل قبول ہو گا۔انہوں نے کہا کہ سینٹ الیکشن میں ہماری پارٹی نے حقیقت پسندانہ فیصلہ کئے ہیں ٗ ہم سینٹ الیکشن میں خیبر پختوان خواہ کی 6 نشستیں جیتیں گے اس لئے صرف 6 امیدوار ہی کھڑے کئے جبکہ پنجاب سے ایک سیٹ جیتنے کی امید ہے ۔ عمران خان جنرل الیکشن کیلئے پارٹی کی ممبر سازی مضبوط کرنے کے لئے 4 مارچ کو کراچی اور 15 مارچ کو ملتان آ رہے ہیں۔ علیم خان عدالت کے بلانے پر خفا نہیں ہوئے بلکہ عدالت نے جو ریکارڈ طلب کیا ہے وہ عدالت میں جمع کروانے پر آمادہ ہیں۔ نیب کے پچھلے چیئرمین نے اپنے مینڈیٹ کے مطابق کام نہیں کیا یہی وجہ ہے کہ ان کے دور میں کرپشن پروان چڑھی۔

مزید : صفحہ آخر