بلوچ بہادری کا نشان ہیں، ان کا کلچر ملک بھر میں اجاگر کیا جائے: بلاول بھٹو زرداری
کراچی ،اسلام آباد(آن لائن )پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بلوچ بہادری کا نشان اور تاریخی ثقافت کے امین ہیں۔ بلوچی کلچر کو ملک بھر میں اجاگر کیا جائے۔انہوں نے بلوچ ثقافت کے دن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچی کلچر ثقافتی گلدستے کا خوبصورت پھول ہے جو ملک بھر میں اپنی اہمیت اجاگر کر رہا ہے۔دریں اثناپیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے پیپلزپارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین نے زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں اراکین پنجاب اسمبلی خواجہ نظام الدین،سردار شہاب الدین، رئیس ابراہیم خلیل،قاضی احمد سعید اور فائزہ ملک شامل ہیں۔ سینیٹ کے انتخابات کے حوالے سے غور کیا گیا، اس موقع پر سینیٹر شیری رحمان، حاجی نواز کھوکھر اور رخسانہ بنگش بھی موجود تھے۔