متروکہ وقف املاک بورڈ کی ناقص پالیسیاں‘ کروڑوں لاگت کی تعمیرات مالی بوجھ بن گئیں
ملتان (سٹی رپورٹر)کروڑوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے فلیٹس، میرج ہال اور مارکیٹوں کی کئی سال گزر جانے کے باوجود نیلامی نہ ہو سکی۔ عمارتیں کھڑی کھڑی بوسیدہ ہو نے لگیں۔ وہاڑی چوک کے قریب واقع فلیٹس میں غیر قانونی طور پر مقیم خاندانوں کو بھی نہ نکالا جا سکا۔ متروکہ (بقیہ نمبر43صفحہ7پر )
وقف املاک بورڈ کی ناقص پالیسیوں کے باعث وہاڑی چوک کے قریب چند سال قبل تعمیر کئے گئے فلیٹس میں سے 34 فلیٹس تاحال نیلامی کے منتظر ہیں جبکہ نواب پور روڈ پر 4 کروڑ روپے کی لاگت سے 3 میرج ہال اور 38 دکانوں پر مشتمل مارکیٹ بھی عدم نیلامی کے باعث ویران ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے 29 کنال سے زائد وقف اراضی پر کروڑوں روپے کی لاگت سے ہونے والی تعمیرات خود محکمہ کے لئے ہی مالی بوجھ بن چکی ہیں۔ ہیڈ آفس کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے ریجنل آفس ملتان کئی سال گزر جانے کے باوجود پراپرٹی نیلام نہ کر سکا جس کی وجہ سے محکمہ کو ہر سال مزید کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ کی جانب سے 2011ء میں وہاڑی چوک کے قریب واقع 11 کنال سے زائد وقف اراضی پر 8 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے 69 فلیٹس تعمیر کئے گئے جن میں سے 20 فلیٹس کو اس وقت کے وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی کی سفارش پر گیلانی خاندان کے حوالے کر دیا گیا اور 15 فلیٹس پر محکمہ کے اپنے ملازمین نے قبضہ جما لیاجبکہ باقی بچ جانے والے 34 فلیٹس نیلامی نہ ہونے کے باعث بھوت بنگلہ کی شکل اختیار کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ یہ فلیٹس جدید نقشوں کے مطابق تعمیر کئے گئے جو محکمہ کی ناقص پالیسیوں کے باعث اب ویران پڑے ہوئے ہیں۔ تعمیر کو کئی سال گزر جانے کی وجہ سے اب یہ فلیٹس ٹوٹ پھوٹ اور شکستہ حالی کا شکار ہیں۔ علاوہ ازیں متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے نواب پور روڈ پر واقع 18 کنال سے زائد وقف اراضی پر 4 کروڑ روپے کی لاگت سے دو سال قبل 3 میرج ہال پر مشتمل بلڈنگ اور 38 دکانوں پر مشتمل پلازا تعمیر کیا گیا جس کی تاحال نیلامی نہیں ہو سکی۔ محکمانہ ذرائع کے مطابق تعمیر شدہ عمارتوں کی نیلامی کے لئے ہیڈ آفس کو کئی مرتبہ لیٹر بھی جاری کئے جا چکے ہیں جن کا تاحال کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔ دریں اثناء متروکہ وقف املاک بورڈ ملتان کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر محمد مظہر بخاری نے ’’دنیا‘‘ کو موقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلیٹس، میرج ہال اور دکانوں کی نیلامی پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں، چئیرمین متروکہ وقف املاک بورڈ پاکستان صدیق الفاروق کے احکامات کے مطابق جلد نیلامی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا وہاڑی چوک کے قریب تعمیر 69 فلیٹس میں سے 15 فلیٹس محکمانہ پالیسی کی مطابق محکمہ کے ملازمین جبکہ 20 فلیٹس کو اس وقت کی وفاقی حکومت کے احکامات کے تحت قانونی طور پر گیلانی خاندان کے حوالے کیا گیا۔
مالی بوجھ