کلرسیداں کو ضلع کوہسار میں شامل نہیں ہونے دینگے،چوہدری ظہیر

کلرسیداں کو ضلع کوہسار میں شامل نہیں ہونے دینگے،چوہدری ظہیر

کلر سیداں(تحصیل رپورٹر)پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر چوہدری ظہیر محمود نے مجوزہ ضلع کوہسار کے قیام کی مخالفت کرتے ہوئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی پر واضح کیا ہے کہ وہ چند افراد کی خوشنودی کیلئے تحصیل کلر سیداں کی عوام کے احساسات کا خون کرنے سے باز رہیں وگرنہ احتجاجی تحریکوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔انہوں نے کلر سیداں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم ضلع کوہسار کے قیام کا اعلان ضرور کریں مگر تحصیل کلر سیداں کو اس میں شامل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کریں کیونکہ مجوزہ ضلع کوہسار تحصیل کلر سیداں کی عوام کیلئے کسی صورت بھی قابل قبول نہیں۔انہوں نے حلقہ این اے 50 کے چےئرمینوں جو ضلع کوہسار کی حمایت پر بیان داغ رہیں ہیں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ سیاسی سکورنگ کرنے کی بجائے زمینی حقائق کو سامنے رکھیں۔وزیر اعظم نے اپنے حلقہ انتخاب جو تحصیل کلر سیداں کا حصہ ہے کی پسماندگی کے خاتمہ کیلئے صرف زبانی دعوئے ہی کئے ہیں عملی اقدامات کہیں نظر نہیں آ رہے۔ہر ماہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر کے میاں نواز شریف کی نااہلی کا انتقال غریب عوام سے لیا جا رہا ہے جس سے مسلم لیگ نون کا عوام دشمن حکومتی چہرہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ کے باعث مہنگائی کا ایک طوفان امٹ آیا ہے جس سے غریبوں سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ عوام دشمن پالیسی کا نتیجہ ہے ،عوام پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں اب اوپر سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ نے رہی سہی کسر بھی پوری کر دی گئی ہے۔حکومت عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ثابت ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ نااہل حکومت نے چند ماہ کے دوران ساتویں بار پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کر کے عوام کو فاقہ کشی پر مجبور کر دیا ہے۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے فوری نوٹس لینے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ واپس لینے کی اپیل کی ہے۔

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر