عقیدہ ختم نبوت کاتحفظ تمام مسلمانوں کافریضہ ہے،قاضی محمودالحسن

عقیدہ ختم نبوت کاتحفظ تمام مسلمانوں کافریضہ ہے،قاضی محمودالحسن

مظفرآباد(بیورورپورٹ) عقیدہ ختم نبوت اور ناموس رسالت ﷺ کا تحفظ تمام مسلمانوں کا مشترکہ فریضہ ہے۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے اراکین اور حکومت کی طرف سے پاکستان کے آئین سے ہم آہنگ ترامیم قابل ستائیش ہیں۔ ۲فروری کو ریاست بھر میں یوم ختم نبوت اور ۵ فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کے طور پر منایا جائے۔ وزیرآعظم آزاد کشمیر، وزیر قانون، ختم نبوت بل لانے پر مبارکباد کے مستحق ہیں۔ ۱۶ مارچ کو مظفرآباد مین ختم نبوت کانفرنس منعقد کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار آل جموں کشمیر جے یو آئی کے جنرل سیکرٹری قاضی محمود الحسن اشرف، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت آزاد کشمیر کے امیر مولانا محمد الیاس، سواد اعظم اہل السنت والجماعت کے امیر مولانا سعید الرحمٰن تنویر، جنرل سیکرٹری مولانا قاضی منظور الحسن، مولانا عبد المالک ایڈوکیٹ ،علامہ عطا اللہ علوی سمیت دینی جماعتوں کے رہنماؤں نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اسمبلی نے ۱۹۷۳ ؁ء میں جو قرارداد منظور کی تھی بعد ازاں پاکستان کی قومی اسمبلی نے بھی اتفاق رائے سے قادیانیوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دے کر پرانے مسئلے کو حل کیا تھا۔ اسی تسلسل میں آزادکشمیر کی موجودہ حکومت نے ریاست کے عوام کے پرزور مطالبہ پر آزادکشمیر کے آئین میں پاکستان کے آئین کے طرز پر ترمیم کا جو فیصلہ کیا ہے وہ ہر اعتبار سے قابل ستائیش ہے جس کی ہر سطح پر تائید کی جا رہی ہے۔ اس سے ریاست میں اتحاد اور یکجہتی میں بھی فروغ حاصل ہو گا۔ انہوں نے ریاست میں تمام قوانین کو قرآن و سنت سے ہم آہنگ کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر