ایئر یونیورسٹی میں کُل پاکستان محفلِ مشاعرہ کا انعقاد

ایئر یونیورسٹی میں کُل پاکستان محفلِ مشاعرہ کا انعقاد

کراچی (پ ر) ایئر یونیورسٹی کے زیراہتمام قومی سطح کی محفل مشاعرے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک بھر کے طول و ارض سے نامور شعراء کرام نے اپنا کلام پیش کیا، محفل مشاعرے کی صدارت جناب افتخار عارف نے کی جبکہ میزبان مشاعرے کے فرائض جناب محبوب ظفر نے سرانجام دیئے۔اس موقع پر صدر مشاعرہ افتخار عارف نے ایئر یونیورسٹی میں منعقدہ محفل مشاعرے کو اپنی نوعیت کی منفرد تقریب قرار دیا جس میں دور حاضر کے نمایاں شعراء کرام ایک وقت میں ایک جگہ جمع ہوئے۔ شعراء کرام میں امجد اسلام امجد،حسن عباس رضا،انور مسعود، عباس تابش،ناصرہ زیدی، ڈاکٹر توصیف تبسم، شوکت فہمی، احمد عطاء اللہ،عزیز اعجاز، سید نصرت زیدی، اختر رضا سلیمی، انور شعور، قمر رضا شہزاد، علی زریون، طارق نعیم، علی یاسر، یاسمین حمید، محسن شکیل، مقصود وفا، سرفراز شاہد وغیرہ شامل تھے۔ وائس چانسلر ایئر یونیورسٹی ایئر وائس مارشل (ر)فائز امیر نے اپنے تشکرانہ کلمات میں شعراء کرام کی ملکی ثقافت اور قومی زبان کے فروغ کیلئے خدمات کو اعلیٰ الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ ہمارے کلچر میں مشاعروں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، وائس چانسلر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے شاعر دنیا بھر میں اپنی قومی زبان سے بے مثال محبت کے حوالے سے جانے جاتے ہیں، انہوں نے محفلِ مشاعرے کی تقریب کو باقاعدگی سے منعقد کرانے کے عزم کا اظہار کیا، اس موقع پر انہوں نے اردو زبان کے ماضی کے مشہور شاعرمرزا داغ دہلوی کے شہرہ آفاق شعر کا بھی حوالہ دیا، اردو ہے جس کا نام ہم جانتے ہیں داغ،سارے جہاں میں دھوم ہماری زبان کی ہے،نہیں کھیل اے داغ یاروں سے کہہ دوکہ آتی ہے اردو زباں آتے آتے۔محفل مشاعرے کی تقریب کے اختتام پر چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد نے شعراء کرام کے مابین سوینئر تقسیم کیے۔جڑواں شہروں راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے اہل ذوق بشمول فیکلٹی اسٹاف، طلباء و طالبات اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے متعلقہ نمایاں شخصیات کی کثیر تعداد کُل پاکستان محفل مشاعرہ سے محظوظ ہوئی اور شعراء کرام کو دِل کھول کر داد دی۔

مزید : رائے /راولپنڈی صفحہ آخر