سینیٹ الیکشن میں متحدہ کے کچھ اراکین اسمبلی آپسی اختلافات کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں :فیصل سبزواری

سینیٹ الیکشن میں متحدہ کے کچھ اراکین اسمبلی آپسی اختلافات کی وجہ سے پیپلز ...
سینیٹ الیکشن میں متحدہ کے کچھ اراکین اسمبلی آپسی اختلافات کی وجہ سے پیپلز پارٹی کو فائدہ پہنچانا چاہتے ہیں :فیصل سبزواری

  

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن ) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ متحدہ کے کچھ اراکین اسمبلی پارٹی قیادت سے نالاں ہیں اور سینیٹ میں پیپلز پارٹی کو وو ٹ دینے کا سوچ رہے ہیں ،یہ عمل ووٹرز کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی کی وزیراعلی ہاوس کے عشائیے میں شرکت افسوسناک ہے، پارٹی میں باہمی اختلافات کا فائدہ پیپلز پارٹی کو ہوگا اور ووٹ کو تقسیم ہونے سے بچانے کے لیے فاروق ستار اور خالد مقبول صدیقی نے مشترکہ امیدواروں کا اعلان کیا۔

کراچی میں میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کچھ لوگوں سے پی پی پی نے رابطہ کیا ہے، ایم کیو ایم کے ارکان اسمبلی سے درخواست ہے کہ اختلافی صورتحال سے نالاں ہو کر پی پی پی کو فائدہ پہنچانا پارٹی کے ساتھ ناانصافی ہے۔فیصل سبزواری نے کہا کہ فاروق ستار اور خالد مقبول نہیں چاہتے کہ اختلافات کی وجہ سے ووٹ تقسیم ہوں، اسی لیے مشترکہ امیدواروں کا اعلان کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا پی ٹی آئی، فنکشنل لیگ اور ن لیگ سے رابطہ ہے، کوشش ہے کہ سینٹ کی پانچ نشستوں پر جیتیں، خالد مقبول صدیقی اور فاروق ستار اپنے اپنے موقف پر قائم ہیں، فاروق ستار کے امیدوار کامران ٹیسوری ہیں۔

مزید : علاقائی /سندھ /کراچی