شہزادہ سلمان، شہزادہ خالد کے ہمراہ لبنانی وزیر اعظم کی سیلفی وائرل ہو گئی
ریاض (آن لائن)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دارالحکومت ریاض میں لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری سے ملاقات کی اور اس موقع پر لی گئی سیلفی سوشل میڈیا پر شیئر کردی جو وائرل ہوگئی۔
ٖ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دونوں رہنماوں نے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت خطے میں ہونے والی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری نے اپنے ٹویٹر ہینڈلر پر شہزادہ محمد بن سلمان اور امریکا میں مملکت کے سفیر شہزادہ خالد بن سلمان کے ہمراہ سیلفی پوسٹ کی، جسے کافی پسندکیا گیا۔شہزادہ سلمان اور لبنانی وزیر اعظم کے درمیان ملاقات ولی عہد کے ریاض دفتر میں ہوئی۔ لبنانی رہنما گذشتہ دنوں سعودی عرب کے دورے پر آئے تو اعلی سعودی حکام نے ان کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔واضح رہے کہ گذشتہ برس4 نومبر کو وزارت عظمی سے استعفی کے اعلان کے بعد سعد الحریری کا یہ پہلا دورہ سعودی عرب ہے۔