دودھ کا متبادل کچھ نہیں ،خشک دودھ پر پابندی نہ لگانے کی کچھ وجوہات ہیں لیکن ہمیں کوئی روک نہیں سکتا ،چیف جسٹس

دودھ کا متبادل کچھ نہیں ،خشک دودھ پر پابندی نہ لگانے کی کچھ وجوہات ہیں لیکن ...
دودھ کا متبادل کچھ نہیں ،خشک دودھ پر پابندی نہ لگانے کی کچھ وجوہات ہیں لیکن ہمیں کوئی روک نہیں سکتا ،چیف جسٹس

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )سپریم کورٹ کے چیف جسٹس مسٹرجسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں قائم3رکنی بنچ نے بچوں کے لئے فارمولا ملک اور خشک دودھ فروخت کرنے والی کمپنیوں کی ڈبوں پر "یہ دودھ نہیں ہے" تحریر کرنے کا حکم واپس لینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قراردیا کہ اس عدالتی حکم پر ہرحال میں عمل درآمد کرنا ہوگا،جتنی چیزیں غذائیت برباد کر رہی ہیں ان پر سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا ۔

بچوں کے فارمولا ملک کو دودھ کے متبادل کے طور پرفروخت کرنے کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران نیسلے کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ خشک دودھ اصل دودھ کا متبادل تو نہیں مگر لیکٹوجین ون اور دیگر غذائی عوامل سے دودھ عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جاتا ہے جو غذائیت سے بھرپور ہے ۔فارمولا ملک میجی کمپنی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ میجی فارمولا ملک گائے کے دودھ کو خشک کر کے بنایا جاتا ہے،ڈبے پر "یہ دودھ نہیں ہے"تحریر نہ کروایا جائے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ دودھ اللہ کی نعمت ہے، اس کا متبادل کچھ اور نہیں ہو سکتا ،اگر فارمولا ملک کمپنیاں دودھ کے ڈبوں پر"یہ دودھ نہیں ہے"تحریر نہیں کر سکتی تو بتا دیں ہم ابھی دودھ کی فروخت پر پابندی عائد کر دیتے ہیں اور تمام کمپنیوں سے اسٹاک تحویل میں لینے کا حکم دے دیتے ہیں ۔چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ہمیں فارمولا دودھ پر پابندی سے کوئی نہیں روک سکتا ،پہلے پابندی صرف اس وجہ سے نہیں لگائی کہ بہت سے بچے اس فارمولا دودھ کے عادی ہیں ۔مارکیٹ میں یہ دودھ نہ ملا تو بچوں اور ان کے والدین کو پریشانی ہو گی ،اسی لئے آپ کوکہا کہ دودھ کے ڈبوں پر "یہ دودھ نہیں ہے" تحریر کر دیں ،ہم ایسی چیزوں پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے جو غذائیت برباد کر دیں ،میجی فارمولا ملک کمپنی کی خاتون افسر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ان کے دودھ کے ڈبے پر پہلے ہی "یہ ماں کے دودھ کا نعمل البدل نہیں "کے الفاظ تحریر ہیں ،اس لئے انہیں اسی پیکنگ میں دودھ فروخت کرنے کی اجازت دی جائے ،عدالت نے آئندہ تاریخ سماعت پر 9 مارچ کو میجی کمپنی کے مالک کو بھی طلب کرلیا ہے ۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور