عمر کرکٹ سے بہت سا پیسہ کما سکتے ہیں، اوچھی حرکتیں نہ کریں، میانداد

عمر کرکٹ سے بہت سا پیسہ کما سکتے ہیں، اوچھی حرکتیں نہ کریں، میانداد

  



کراچی(آئی این پی)قومی ٹیم کے سابق کپتان جاوید میانداد نے قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹسمین عمر اکمل کو تنبیہہ کردی کہ وہ اپنی حرکتیں درست کریں اور اپنی توجہ صرف اپنے کیریئر پر مرکوز کریں۔عمر اکمل اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کے تحت معطل ہیں جس کے بعد وہ معاملے کی تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ نہیں کھیل سکتے۔ایک انٹرویو کے دوران جاوید میانداد کا کہنا تھا کہ عمر اکمل کے سسر عبدالقادر ایک عظیم کرکٹر اور ان کے بہترین دوست تھے۔ میں ان کی طرف سے تمہیں وارننگ دے رہا ہوں کہ اپنی حرکتیں درست کرو ورنہ میں اپنے دوست کی طرف سے تم سے باز پرس کروں گا۔میانداد کا کہنا تھا کہ میں نے عمر اکمل کے والدین سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بیٹے کو سنبھالیں۔ انہوں نے عمر اکمل کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا رویہ درست کریں اور اپنے کرکٹ کیریئر پر توجہ دیں۔انہوں نے کہا کہ عمر اکمل کرکٹ سے ہی بہت سا پیسہ کما سکتے ہیں، لہذا وہ نیچ حرکتیں کر کے ملک کو اور ملک کے پرانے بڑے کھلاڑیوں کو شرمندہ نہ کریں۔ وہ اپنی حرکتوں سے اپنے ہی کیریئر کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی