ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ، آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی
میلبورن (اے پی پی) دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کی ویمنز ٹیم نے نیوزی لینڈ کو آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کے اٹھارویں میچ میں 4 رنز سے شکست دیکر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ یہ دفاعی چیمپئنز کی میگا ایونٹ کا ابتدائی میچ ہارنے کے بعد مسلسل تیسری فتح ہے۔ بیتھ مونی نے عمدہ بیٹنگ اور جورجیا ورہم نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ آسٹریلوی ٹیم نے پہلے کھیل کرے 155 رنز بناکر نیوزی لینڈ کی ٹیم کو میچ میں 156 رنز کا ہدف دیا جس کو حاصل کرنے میں نیوزی لینڈ کی ٹیم ناکام رہی، بیتھ مونی 60 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جورجیا ورہم نے 17 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ جورجیا ورہم کو عمدہ کارکردگی پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ آسٹریلیا کے مشہور شہر میلبورن میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے 18 ویں میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بناکر نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 156 رنز کا ہدف دیا۔ بیتھ مونی 60 اور میگ لیننگ 21 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں، اینا پیٹرسن نے دو، ایمیلیا کر، جینسن اور لیگ کاسپیریک نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 156 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مقررہ20 اوورز میں 7 وکٹوں پر 151 رنز بناسکی۔
کیٹی مارٹن نے ناقابل شکست 37 اور کپتان سوفی ڈیوائن نے 31 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی طرف سے میگن سکٹ اور جارجیا ورہم نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3,3 جبکہ جوناسین نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یوں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو میچ میں 4 رنز سے شکست دیکر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا، واضح رہے کہ گروپ اے سے بھارتی ٹیم پہلے ہی سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہے۔ جورجیا ورہم عمدہ باؤلنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔