صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت بتدریج بہتر ہوئی: ڈاکٹر امجد علی

صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت بتدریج بہتر ہوئی: ڈاکٹر امجد علی

  



پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کی حالت بتدریج بہتر ہوئی ہے اور قابل ڈاکٹروں کی تعیناتی کی بدولت عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ سول ہسپتال بریکوٹ میں سالانہ کارکردگی سے متعلق منعقدہ اجلاس سے خطاب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں میں حکومت کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ ہسپتال کے دورے کے موقع پر وزیر ہاوسنگ کو سالانہ کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔ایم ایس سول ہسپتال بریکوٹ ڈاکٹر فخر عالم کا کہنا تھا کہ گزشتہ چھ سالوں میں ہسپتال کی حالت نہایت بہتر ہوئی ہے، ڈاکٹروں کی تعداد پانچ سے بڑھ کر 28 تک پہنچ گئی ہے، جس میں ماہر سپیشلسٹ ڈاکٹرز بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت ہسپتال کے مسائل حل کرانے میں بھر پور تعاون کررہی ہے، جس کے باعث مریضوں کو چوبیس گھنٹے علاج معالجے کی سہولت دستیاب ہے۔ صوبائی وزیر ہاوسنگ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت میں ہسپتال کی صورت حال نہایت ابتر تھی، تاہم اب سول ہسپتال بریکوٹ سمیت صوبے کے دیگر ہسپتالوں کو تمام تر سہولیات سے آراستہ کردیا گیا ہے، جس سے اب مریضوں کو علاج کی سہولیات حاصل کرنے میں کسی قسم کے دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو بہترین کام پر خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ موجودہ حکومت عوامی مسائل پر سیاست سے خود کو دور رکھتی ہے۔ ڈاکٹر امجد علی کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کے حل پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر