نوجوان نسل قابلیت اور ذہانت میں کسی سے پیچھے نہیں: سلطان محمد خان

نوجوان نسل قابلیت اور ذہانت میں کسی سے پیچھے نہیں: سلطان محمد خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور اور انسانی حقوق سلطان محمد خان نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل قا بلیت اورذہانت میں کسی سے پیچھے نہیں ہے اور وفاقی وصوبائی حکومت نوجوان طلبہ وطالبات کو یکساں اعلیٰ اورمعیاری تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت تعلیم کی مد پر زیادہ بجٹ خرچ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوجوان اپنی ذہانت سے استفادہ لے کے صوبے اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ان خیالات کا اظہار سلطان محمد خان نے پیر کے روز "تعمیر وطن ایجوکیشن سسٹم سکول" سرڈھیری، چارسدہ میں منعقد ہ سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر وزیر قانون نے پوزیشن ہولڈرز طلبہ وطالبات میں انعامات تقسیم کیے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر قانون نے کہا کہ ہماری آبادی کا تقریبا پچاس فیصد سے زیادہ حصہ خواتین پر مشتمل ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خواتین کو اعلیٰ معیار کی تعلیم کی فراہمی پر خاص توجہ دے رہی ہے تاکہ وہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے میں اپنا کردار بہتر طریقے سے ادا کر سکیں وزیر موصوف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی گزشتہ صوبائی حکومت نے تعلیم میں بہت کام کیا ہے وزیر قانون نے اپنے خطاب میں ضلع چارسدہ کی ترقی کے حوالے سے کہا کہ چارسدہ کو ماڈل ضلع بنانے کے لیے گزشتہ بجٹ میڈیکل کالج، ہسپتالوں کی اپگریڈیشن، تقریبا 200 کلومیٹر سڑکوں کی پختگی کی جال اور دریائے کابل پر سیلاب سے بچاؤ کے لئے نستہ سے ڈھیری زرداد تک حفاظتی پشتوں کی تعمیر، چارسدہ کی بیوٹیفیکیشن جیسے اربوں روپے کے میگا منصوبے منظور کر چکے ہیں جن پر انشاء اللہ رواں سال عملی کام شروع کیا جائے گا۔اس موقع پر اے ایس پی اصغر خان نے بھی تقریب سے خطاب کیا اس موقع پر سکول کے پرنسپل نے ادارے کی طرف سے پولیس شہداء کے بچوں کو مفت تعلیم دینے کا زکر کرتے ہوئے پولیس اور ایف سی شہداء کے بچوں اور بچیوں کو مفت تعلیم کی فراہمی کا بھی اعلان کیا۔تقریب میں والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور بچے اور بچیوں نے ٹیبلو بھی پیش کیے۔