پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی عوام کیساتھ مذاق ہے‘ فائزہ رشید

پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی عوام کیساتھ مذاق ہے‘ فائزہ رشید

  



پشاور(سٹی رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی صوبائی رہنماء و سابقہ ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر فائزہ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرول کی قیمتوں میں 5 روپے کی کمی عوام کے ساتھ مذاق ہے جس کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک اخباری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قائم ہوتے ہی پٹرول‘ ایل پی جی سمیت دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشرباء اضافہ کردیا جبکہ اب عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہوئے پٹرول اور ایل پی جی کی قیمتوں میں چند روپے کمی کردی ہے جو ہمیں کسی صورت قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے پہلے وزیر اعظم عمران خان نے عوام کو فی لیٹر پٹرول 45 روپے میں مہیا کرنے کا وعدہ کیا تھا جبکہ اب وہ تمام تر وعدے بھول گئے ہیں اور عوام پر روزانہ کی بنیاد پر مہنگائی کے ڈرون حملے کرتے ہیں جبکہ نالائق کابینہ انہیں سب اچھا ہے کی رپورٹ دے کر عوام کو مزید مسائل کی دلدل میں دھکیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جھوٹے وعدوں کے تمام حدود پار کردیئے ہیں جبکہ نالائق کابینہ جس ڈھٹائی سے حکومت کی صفائی کرتی ہے اس پر ان کو شرم آنی چاہئے اور حکومت اور نالائق کابینہ کو عوام سے معافی مانگنی چاہئے۔

ا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر