موجودہ حالات سخت ہیں، پشتون قوم بیدار ہوچکی ہے،ایمل ولی

موجودہ حالات سخت ہیں، پشتون قوم بیدار ہوچکی ہے،ایمل ولی

  



پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی عدم تشدد کے نظریے پر عمل پیرا ہے جس کی آج پوری دنیا اعتراف کرچکی ہے کہ ہمارے اکابرین دہائیوں پہلے جو بات کررہے تھے، آج اسی کی تقلید کرتے ہوئے خطے میں امن کیلئے کوششیں ہورہی ہیں۔ پوری دنیا اس نظریے کا اعتراف کرچکی ہے جو باچاخان اور ولی خان نے دیا تھا۔باچاخان مرکز پشاور میں اے این پی کے صوبائی کابینہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایمل ولی خان نے کہا کہ آج ہم فخر سے ایک بار پھر کہہ رہے ہیں کہ امن کیلئے ایک ہی راستہ بچا ہے اور وہ راستہ برصغیر کے عظیم پشتون رہنما باچاخان اور عظیم پشتون سیاستدان ولی خان نے اپنی قوم کو بتایا تھا۔ پختون قامی جرگہ کے انعقاد اور تیاریوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر کا کہنا تھا کہ جرگے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اجلاس میں انتظامی و استقبالی کمیٹیاں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔ اس جرگے کے ذریعے قوم کو درپیش مسائل اور مشکلات کے حل کے حوالے سے دوررس نتائج سامنے آئیں گے۔ اے این پی نے ہمیشہ پختون قوم کے آئینی حقوق کیلئے اور بدامنی کے خلاف اصولی موقف اپنایا ہے جس کی آج بین الاقوامی و ملکی سطح پر تقلید کی جارہی ہے۔انہوں نے تمام پشتونوں پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات سخت ضرور ہیں لیکن پشتون قوم بیدار ہوچکی ہے اور اسی بیداری کے ذریعے ان حالات کا مقابلہ کرنا ہوگا۔صوبائی کابینہ اجلاس میں مجموعی سیاسی صورتحال اور تنظیمی معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر