پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے،وزیر زادہ

پسماندہ علاقوں کی ترقی اولین ترجیح ہے،وزیر زادہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور اور ڈیڈک چیئرمین ضلع چترال وزیر زادہ نے کہا ہے کہ پسماندہ علاقوں کو ترقی دینا موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، پختونخوا میں سیاحت کو فروغ دینے کے لیے جامع منصوبہ بندی کی جارہی ہے، ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سیاحوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے چترال میں کریک گاڑ (سنو گالف) فیسٹیول کی اختتامی تقریب کہ موقع پر کیا۔فیسٹیول کا آخری میچ شیخاندہ اور برون کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں شیخاندہ کی ٹیم نے برون کو شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیر زادہ نے ونٹر سنو فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر ٹورازم کارپوریشن خیبر پختونخوا کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور مستقبل میں اس قسم کے فیسٹیول باقاعدگی کے ساتھ منعقد کرنے کا عزم ظاہر کیا۔دریں اثناء معاون خصوصی نے کھلاڑیوں میں انعامی چیک اور دیگر انعامات بھی تقسیم کیے۔معاون خصوصی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں چترال کو نظر انداز کیا گیا ہے لیکن اب وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی قیادت میں چترال کو ترقی دے کر ایک ماڈل ضلع بنائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت تعلیم اور صحت سمیت تمام شعبوں میں مثبت اصلاحات نافذ کر رہی جن کا براہ راست عوام کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر وزیر زادہ نے شرکاء کو چترال میں نئے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے اور حکومت کی جانب سے منصوبوں کے لیے فنڈز مختص کرنے کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔قبل ازیں، معاون خصوصی نے چترال میں متعدد ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔