جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات

        جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی نائب وزیر دفاع کی ملاقات

  



راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سعودی عرب نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت کا اعتراف اور دوطرفہ تربیتی پروگرام کے ذریعے پاک فوج کی جانب سے سعودی شاہی مسلح افواج کو دی جانی والی تربیت اور ان کی معاونت کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے خطے میں قیام امن کی کوششوں کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے جبکہ سعودی نائب وزیردفاع اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک خوشگوار اور گہرے برادرانہ تعلقات کی ایک تاریخ رکھتے ہیں جو اب پائیدار شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق گزشتہ روز سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی جس دوران مقبوضہ کشمیر سمیت خطے کی سلامتی کی مجموعی صورتحال، ٹریننگ ایکسچینج پروگرام، دو طرفہ دفاعی تعاون کے فروغ کیلئے اقدامات، دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے سعودی نائب وزیر دفاع کا دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں، قربانیوں اور خطے کے امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کے اعتراف کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر دفاع کے عسکری مشیر میجر جنرل (انجینئر) طلال عبداللہ العطیبی، چیف آف جنرل سٹاف سعودی عرب جنرل فیاض بن حامد بن رغد الرویلی پرمشتمل اعلیٰ سطحی وفد بھی شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز السعود کے ہمراہ تھے۔ قبل ازیں جی ایچ کیو آمد پر سعودی وفد کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

آرمی چیف/ملاقات

مزید : صفحہ اول