بلاول اور انکے پاپا نے چور بازاری کے ریکارڈ قائم کیے،فیاض الحسن

بلاول اور انکے پاپا نے چور بازاری کے ریکارڈ قائم کیے،فیاض الحسن

  



لاہور(این این آئی)وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے بلاول زرداری کی جانب سے پریس کانفرنس میں حکومت پر لگائے جانے والے الزامات کے ردعمل میں کہا ہے کہ بلاول زرداری اور ان کے پاپا آصف زرداری نے کرپشن، منی لانڈرنگ اور چور بازاری کے ریکارڈ قائم کیے۔ سندھ سمیت پورے پاکستان کو لوٹنے والے زرداری خاندان کے ہونہار سپوت کے منہ سے جمہوریت کی باتیں اچھی نہیں لگتی۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ آج بلاول زرداری صحافیوں کے ہمدرد بننے کے لیے آذادی صحافت کے علمبردار بنے پھرتے ہیں جبکہ قوم ابھی عزیز میمن کے بہیمانہ قتل کو نہیں بھولی، جن کا قصور صرف یہ تھا کہ انہوں نے بلاول زرداری کے جلسے میں شریک کرائے کے جعلی شرکا کا بھانڈا پھوڑا تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت پنجاب میں صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے جسمیں صحافیوں کے لیے صحت انصاف کارڈز، رہائشی کالونیوں کے لیے جگہ اور فنڈز کی فراہمی اور صحافیوں کی بیواں کے لیے امدادی رقوم سمیت دیگر اقدامات شامل ہیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان ہر محاذ پر کامیابیاں سمیٹ رہا ہے،امریکہ اور افغان طالبان کے مابین دوحہ میں ہونے والا امن معاہدہ سفارتی سطح پر پاکستان کے لیے نہایت خوش آئند ہے اور خطے میں امن کے حوالے سے اس کے دور رس نتائج مرتب ہونگے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ افغان طالبان اور مقامی قیادت کو سیاسی دھارے میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ آج عمران خان کو طالبان خان کہنے والے انہیں مبارکباد دینے پر مجبور ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ایسے وقت میں جب بھارت میں اقلیتوں کو ظلم و بربریت کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے کرتارپور راہداری اور شوالہ مندر سیالکوٹ کی بحالی جیسے منصوبے اقلیتوں کا دل جیت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام بڑے عالمی مالیاتی ادارے بزنس اور سرمایہ کاری کے لیے پاکستان کو فیورٹ قرار دے رہے ہیں۔

فیاض الحسن چوہان

مزید : صفحہ اول