ڈیمو کریٹک صدارتی نامزدگی، آج امریکہ کی 15ریاستوں میں فیصلہ کن مرحلہ ہو گا

ڈیمو کریٹک صدارتی نامزدگی، آج امریکہ کی 15ریاستوں میں فیصلہ کن مرحلہ ہو گا

  



واشنگٹن(اظہر زمان، خصوصی رپورٹ)3مارچ منگل کو چونکہ ایک ہی دن میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی صدارتی نامزدگی کے لئے پندرہ ریاستوں میں پرائمری انتخابات ہو رہے ہیں اس لئے اسے”سپر منگل“ کہتے ہیں جہاں مبصرین کے مطابق بزرگ سینیٹر برنی سینڈرز اور سابق نائب صدر جوبیڈن سب سے ”فیورٹ گھوڑے“ ہیں۔ پارٹی کے صدارتی امیدوار کافیصلہ ارکان کے براہ راست ووٹوں کی بجائے امیدواروں کے حامی مندوبین کے چناؤ کے ذریعے ہوتا ہے جس کے لئے امریکہ تمام ریاستوں میں مختلف تاریخوں میں پرائمری انتخابات ہوتے ہیں جن کی کل تعداد 3979ہو گی۔ ریاست وسکونسن کے شہر ملواکی میں ڈیموکریٹک پارٹی کے قومی کنونشن میں جو 13سے16جولائی تک جاری رہے گی، یہ تمام مندوبین سادہ اکثریت سے صدارتی امیدوار چنتے ہیں۔ یعنی امیدوار منتخب ہونے کے لئے 1991ء مندوبین کی حمایت درکار ہو گی، چار ریاستوں آئیووا، نیوہیمشائر، نیواڈا اور ساؤتھ کیرولینا میں انتخابات ہو چکے ہیں جن کے کل مندوب155تھے اور اس وقت 78سالہ سینیٹر برنی سینڈرز58مندوب کے ساتھ سرفہرست اور سابق نائب صدر جوبیڈن54مندوب کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ تیزی سے ابھرنے والے اور آئیووا کے پہلے مقابلے میں سرفہرست رہنے والے سابق میئر پیٹ ٹیجج اور ارب پتی ٹام سٹائر ”سپر منگل“ سے پہلے ہی مقابلے سے دستبردار ہو چکے ہیں۔3مارچ کو ہونے والے تیرہ سو زائد مندوب چننے کے لئے جن پندرہ ریاستوں اور مقامات میں کاکس اور پرائمری انتخابات ہوں گے ان کے نام یہ ہیں۔ الباما، ارکنساس، کیلیفورنیا، کولوریڈو، مین، میساچیوسٹس، منی سوٹا، نارتھ کیرولینا، او کلاہوما، ٹینیسی، ٹیکساس، اوٹاہ، ورماؤنٹ اورامریکن سیموآ، ان تمام ریاستوں میں ایک ہی دن مندوبین کی کل تعداد کا تقریباً چالیس فیصد منتخب ہو جاتا ہے۔ اس لئے ”سپر منگل“ کے نتائج کے بعد کافی حد تک واضح ہو جاتا ہے کہ کس امیدوار کو جولائی میں ہونے والے قومی کنونشن میں پارٹی کا صدارتی ٹکٹ مل سکتا ہے۔ اس وقت برنی سینڈرز کو اپنے انقلابی اور فلاحی پروگرام کی وجہ سے بہت مقبولیت حاصل ہو رہی ہے جو سرمایہ دارں کے مقابلے پر نچلے اور متوسط طبقے کے مفادات کے تحفظ کا پیغام دے رہے ہیں، دوسری طرف سابق نائب صدر جوبیڈن متعدل کارکنوں کی نمائندگی کرتے ہیں جن کی انتخابی مہم تقریباً ختم ہو چکی ہے لیکن انہیں ساؤتھ کیرولینا میں سیاہ فام ووٹ ملنے کے باعث ایک نئی زندگی ملی ہے۔ سیاہ فام صدر اوبامہ کے ساتھ کام کرنے کی وجہ سے انہیں یہ ووٹ ملے ہیں کیونکہ اس ریاست میں ان کی خاص تعداد موجود ہے۔ تمام امیدوار اس وقت ”سپر منگل“ کو ہونے والے انتخابات میں زیادہ سے زیادہ مندوب حاصل کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔

سپر منگل

مزید : صفحہ اول