کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنائیں گے: محمود خان

کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنائیں گے: محمود خان

  



پشاور (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے طلباء سمیت معاشرے کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد پر زور دیا ہے کہ وہ کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کو حقیقی معنوں میں کامیاب بنانے کیلئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں تاکہ ہم اپنی آنے والے نسلوں کو صاف ستھرا اور بہتر ماحول فراہم کر سکیں۔ شجرکاری کو صدقہ جاریہ اور ایک قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ملک کو موسمی اثرات سے بچانے کیلئے موجودہ حکومت نے وزیراعظم پاکستان کے وژن کے مطابق بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کیا ہواہے، جس کو کامیاب بنانے کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا اجتماعی اور انفرادی کردار ادا کرنا چاہیئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیات آباد پشاور میں مختلف سکولوں کے بچوں کی طرف سے شجر کاری مہم میں شرکت کے موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے موسمی تبدیلیوں کے سنگین صورتحال کے پیش نظر صوبے میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کیلئے بلین ٹری سونامی منصوبے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے، جسے بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے اور اس کے بڑے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ خیبرپختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے کی کامیابی کے بعد اب موجودہ وفاقی حکومت ملکی سطح پر دس ارب پودے لگانے کے منصوبے پر کام کر رہی ہے جو ہماری آئندہ نسلوں کو ایک بہتر اور صاف ماحول دینے کیساتھ ساتھ موسمی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے ملک کو بچانے میں ایک اہم کردار ادا کریگا۔

محمود خان

پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں پاکستان ٹوارزم ڈیویلپمنٹ کارپوریشن (پی ٹی ڈی سی)کے اثاثہ جات کو خیبرپختونخوا حکومت کے حوالے کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان بنیادی نوعیت کے معاملات پر اصولی اتفاقی کرلیا گیا ہے۔ اور عنقریب صوبے میں قائم پی ٹی ڈی سی کے ریسٹ ہاؤسز اور موٹلز کو صوبائی حکومت کے حوالے کردیا جائیگا، جنہیں صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے استعمال میں لایا جائیگا۔ یہ بات محکمہ سیاحت کی طرف سے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کو آنے والے سیزن میں زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو صوبے کے سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنے کیلئے اب تک اٹھائے گئے اقدامات اور انتظامات کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ میں بتائی گئی۔ وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے خصوصی طور پر اس بریفنگ میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا، وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے ضم شدہ اضلاع اجمل وزیر، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کاظم نیاز، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شکیل قادر، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ اور سیکرٹری ٹوارزم کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے بھی بریفنگ میں شرکت کی۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ صوبائی حکومت نے پی ٹی ڈی سی کے اثاثہ جات کی حوالگی کے سلسلے میں ضروری ادائیگیوں کیلئے 360ملین روپے جبکہ پی ٹی ڈی سی کے انڈومنٹ فنڈ کیلئے 250ملین روپے کی منظوری دیدی ہے۔ بریفنگ کے شرکاء کو بتایا گیا کہ رواں سیزن میں صوبے کی طرف غیر ملکی اور ملکی سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ راغب کرنے اور انہیں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے انٹیگریٹڈ ٹوارزم منیجمنٹ پلان 2020 تیار کرلیا گیا ہے جس کے تحت محکمہ ہائے بلدیات، صحت، مواصلات و تعمیرات، داخلہ، ریسکیو 1122، ڈویژنل کمشنر، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ذمہ داریا ں سونپ دی گئی ہیں، جن میں سیاحتی مقامات میں صفائی و ستھرائی، صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، رابطہ سڑکوں کی بحالی و مرمت، سیاحوں کی مکمل تحفظ، ٹورسٹ فیسیلیٹیشن سنٹرز کا قیام، ہنگامی صورتحال میں سیاحوں کو کھانے پینے کے اشیاء اور گاڑیوں کے لئے ایندھن کی فراہمی، سیاحوں کی شکایات کے فوری ازالے کا میکینزم، عارضی واش رومز کی فراہمی اور دیگر ضروری انتظامات شامل ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ مذکورہ بالا محکمہ جات کو تفویض کی گئی ذمہ داریوں کی مانیٹرنگ اور سیاحوں کے شکایات کی وصولی کیلئے صوبائی سطح پر ایک ٹواریسٹس فیسیلیٹیشن حب بھی قائم کیا گیا ہے۔ اسی طرح سیاحوں کو سیاحتی مقامات کے بارے زیادہ سے زیادہ معلومات کی فراہمی کو آسان بنانے کے لئے پورٹل اور موبائل ایپلیکیشن بھی تیار کرلیاگیا ہے۔ وزیراعلیٰ محمود خان اور وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو صوبے کے سیاحتی مقامات کی طرف راغب کرنے کے سلسلے میں محکمہ سیاحت کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ ملک میں سیاحت کا فروغ وزیراعظم کے وژن کا ایک اہم حصہ ہے۔ اسلئے صوبائی اور وفاق حکومتیں دونوں مل کر اس مقصد کیلئے ایک مربوط اور یکساں حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ کم سے کم وقت اور وسائل میں زیادہ سے زیادہ نتائج حاصل کئے جاسکیں۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری نے بتایا کہ وفاقی حکومت پورے ملک میں سیاحت کے فروغ اور چاروں صوبوں میں سیاحت کے مواقع کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے ایک یکسان برانڈنگ پر کام کررہی ہے جس کا اجراء خود وزیراعظم اگلے مہینے کے وسط تک کریں گے۔ وزیراعلیٰ محمود خان نے انٹیگریٹڈ ٹوارزم منیجمنٹ پلان 2020کو صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس پلان کے تحت مختلف محکموں اور اداروں کو سونپی گئی ذمہ داریوں کو پوری کرنے کے سلسلے میں دی گئی ٹائم لائنز پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے حکام کو یہ بھی ہدایت کی کہ صوبے میں سیاحت کے مواقع کو ملکی اور غیر ملکی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر آگاہی مہم بھی چلائیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

مزید : صفحہ اول