ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے تمام ممبران کو فوری طور پر رکنیت کی تجدید کروانے کی ہدایت کردی گئی

ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے تمام ممبران کو فوری طور پر رکنیت کی تجدید ...

  



فیصل آباد (اے پی پی) ایوان صنعت و تجارت فیصل آباد کے تمام ممبران کو فوری طور پر رکنیت کی تجدید کروانے کی ہدایت کی گئی ہے اور کہاگیا ہے کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تمام معزز ممبران کی رکنیت 31مارچ 2020بروز منگل کو ختم ہو رہی ہے جن کی نئے مالی سال 2020-21ء کیلئے تجدید کا آغاز کردیا گیاہے لہٰذا تمام معزز ممبران سے کہاگیاہے کہ وہ 31مارچ سے قبل اپنی رکنیت کی تجدید کروا لیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی مشکل کا سامنا نہ کرناپڑے۔

 ایوان صنعت وتجارت فیصل آباد کے سیکرٹری جنرل نے پیر کے روز اے پی پی کو بتایاکہ تجدید ممبر شپ برائے کارپوریٹ کلاس اور ایسوسی ایٹ کلاس کی فیس کے بارے میں بھی ممبران کو آگاہ کر دیا گیا ہے جس میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ چارجز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ حسب سابق فیصل آباد چیمبر اپنے معزز ممبران کی شناخت کیلئے خصوصی کمپیوٹرائزڈ کارڈ بھی جاری کررہاہے جس کی فیس 200روپے فی کارڈ مقرر کی گئی ہے۔

 انہوں نے کہاکہ ممبران مزید رہنمائی یامعلومات کیلئے سیکرٹری جنرل آفس فیصل آباد چیمبر یا فون نمبر 041-9230265-67 پر بھی رابطہ کرسکتے ہیں۔

مزید : کامرس