برطانیہ میں پاکستان بر آمدات کو فروغ ملا ہے: چیئر مین فیڈمک

برطانیہ میں پاکستان بر آمدات کو فروغ ملا ہے: چیئر مین فیڈمک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد (اے پی پی) فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی (فیڈمک) کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ برطانیہ دورے کا مقصد فیڈمک کے مختلف منصوبوں خصوصاً سی پیک کے تحت بننے والے ترجیحی خصوصی اقتصادی زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کیلئے سرمایہ کاری کا حصول اور دونوں ملکوں کے مابین وفود کے تبادلوں کے ذریعے باہمی تجارت اورقریبی تعاون کو فروغ دینا ہے۔ پیر کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک سے اقتصادی اور کاروباری مواقع پیدا ہورہے ہیں اور دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان کی طرف متوجہ ہو رہے ہیں کیونکہ یہاں سرمایہ کاری کی بہت زیادہ صلاحیت اور منافع بخش مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چین اور نیدرلینڈز کے بعد برطانیہ پاکستان میں تیسرا سب سے بڑا سرمایہ کار ہے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اس کا حصہ 8 فیصد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن کی بھر پور کوششوں سے برطانوی حکومت نے یہ یقین دہانی کرادی ہے کہ بریگزٹ کے بعد بھی پاکستان کو جی ایس پی پلس جیسی مارکیٹ رسائی حاصل رہے گی، اس سے غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہوا ہے اور برطانیہ کی مارکیٹ میں پاکستان کی برآمدات کو مزید فروغ حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بریگزٹ کے بعد برطانیہ یورپی یونین سے باہر کے ممالک پر زیادہ توجہ دے سکے گا جس سے اس ریجن میں تجارت کو فروغ ملے گا اور آئی ایم ایف نے بھی پیش گوئی کی ہے کہ آئندہ 10 برسوں میں 90 فیصد معاشی نمو یورپی یونین سے باہر ہوگی۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاکستان میں صرف 135 برطانوی کمپنیاں کام کر رہی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات میں ان کی تعداد 5 ہزار ہے۔
معاشی و کاروباری ماحول میں بہتری سے پاکستان کو نہ صرف برطانیہ بلکہ یو اے ای میں کام کرنے والی برطانوی فرموں کو بھی راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان کی اقتصادی صلاحیت اور برطانیہ کے ساتھ مضبوط معاشی تعلقات اور روابط کی بنیاد پر دونوں ممالک ان شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔

مزید :

کامرس -