پچاس گدی نشین مشائخ کی یوم خواتین پر یوم شرم وحیا منانے کی تائید

      پچاس گدی نشین مشائخ کی یوم خواتین پر یوم شرم وحیا منانے کی تائید

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) پچاس گدی نشیں مشائخ نے 8 مارچ کو یوم خواتین کے موقع پر”یوم شرم و حیا“ منانے کی تائید کر دی اور 8 مارچ کو داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک ہونے والی”پیغام شرم و حیا ریلی“ میں شرکت کا اعلان کر دیا۔ مختلف مشائخ نے تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر صاحبزادہ رضائے مصطفے نقشبندی کے ساتھ ملاقات اور رابطوں کے بعد جاری کئے گئے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ 8 مارچ کو ہزاروں افراد سڑکوں پر نکل کر مغرب زدہ خواتین کی اسلام مخالف کاروائیوں کے خلاف زوردار آواز بلند کریں گے۔ 6 مارچ کو ملک بھر میں“ اسلام میں خواتین کا مقام اور حقوق“ کے موضوع پر خطبات جمعہ دیئے جائیں گے۔ ریاستی ادارے مغرب زدہ خواتین کی باغیانہ سرگرمیوں کا نوٹس لیں۔ خواتین کی پریڈ جیسی حرکتیں ناقابل قبول ہیں۔ بیرونی ایجنڈے پر کام کرنے والی این جی اوز خواتین میں بے راہروی پھیلانے کی کوششیں کر رہی ہیں۔ سنجیدہ طبقات خواتین کے حقوق کی آڑ میں ہونے والی اخلاق سوز سرگرمیوں کے خلاف آواز اٹھائیں۔ اسلام نے عورت کو ماں بہن بیٹی اور بیوی کی حیثیت سے بلند اور باعزت مقام دیا ہے۔ اسلام خواتین کے حقوق کا سب سے بڑا علمبردار ہے۔ فارن فنڈڈ این جی اوز عریانی و فحاشی پھیلا کر پاکستانی معاشرے کو مادر پدر آذاد معاشرہ بنانا چاہتی ہیں۔ خواتین کو بغاوت کا درس دینے والے آگ سے کھیل رہے ہیں۔ مشائخ نے اپنے مریدین کو 8 مارچ کی”پیغام شرم و حیا ریلی“ میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی ہے۔ اعلامیہ جاری کرنے والے مشائخ میں پیر سید مظہر سعید کاظمی، پیر میاں عبدالخالق القادری، پیر سید عظمت علی شاہ، پیر میاں جلیل احمد شرقپوری، پیر خالد سلطان قادری، پیر سید مصطفے اشرف رضوی، پیر سید محمد صفدر شاہ گیلانی، پیر سید محمد عثمان نوری، پیر سید معصوم حسین نقوی، پیر ذوالفقار مصطفے ہاشمی، پیر معاذالمصطفے قادری، پیر بشیر احمد یوسفی، پیر سید شمس الدین بخاری، پیر سید واجد گیلانی، پیر ضیائالمصطفے حقانی، پیر ارشد نعیمی، پیر طارق ولی چشتی، پیر میاں غلام مصطفے اور دوسرے مشائخ شامل ہیں۔

یوم خواتین

مزید : میٹروپولیٹن 1