25ہزار سے کم آمدنی والوں کیلئے ریلیف، حکومت راشن کی خریداری میں مدد کریگی: عمران خان

25ہزار سے کم آمدنی والوں کیلئے ریلیف، حکومت راشن کی خریداری میں مدد کریگی: ...

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، مانیٹرنگ) وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ 25 ہزار روپے سے کم آمدن والے افراد کو راشن کی خریداری میں حکومت معاونت کرے گی۔ذرائع کے مطابق فیصلے سے قبل وزیراعظم نے تمام محکموں سے بریفنگ لی اور آئندہ بجٹ میں راشن خریداری کے لئے رقم مختص کرنے کا فیصلہ کیا۔ حکومت آٹا چینی دال اور گھی کی خریداری میں مدد کرے گی۔اس سلسلے میں وزارت خزانہ اور معاشی ٹیم کو خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کا اجلاس سے خطاب میں کہنا تھا کہ اس ملک میں کوئی بھوکا نہیں سوئے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پہلی حکومتیں ایسے طبقے کا احساس نہیں کرتی تھیں۔ موجودہ حکومت ایسے سفید پوش طبقے کا سہارا بنے گی۔ وفاق اور صوبے مل کر فیصلے پر عملدرآمد کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان سے پیرپگارا نے ملاقات کی جس میں صوبہ سندھ کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گورنر سندھ عمران اسماعیل اور پیر صدرالدین شاہ بھی ملاقات میں شریک تھے، پیر پگارا نے صوبہ سندھ میں وفاقی حکومت کی جانب سے لئے گئے اقدامات کی تعریف کی، شرکاء نے کفالت پروگرام کے صوبہ سندھ میں دائرہ کار میں توسیع کی درخواست کی۔ عمران اسماعیل نے وزیراعظم کو سندھ کے وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے ملاقات کی جس میں شیخ رشید نے سکھر میں ٹرین کی بس کو ٹکر اور ہلاکتوں سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ ذرائع کے مطابق ریلوے کے انفراسٹرکچر اور 152 نئے پھاٹک سے متعلق منصوبے سے بھی آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق سرکلر ریلوے کیلئے وزیراعلی سندھ سے ملاقات اور پیش رفت سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ سپریم کورٹ میں ریلوے کیس سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ایم ایل ون منصوبے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔سعودی قیادت نے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سعودی نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے وزیراعظم سے ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی امور، خطے کی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ عمران خان نے بھارت میں ہندوتوا نظریات اور کشمیریوں کے مصائب کا ذکر کیا۔وزیراعظم نے معزز مہمان کو مقبوضہ کشمیر کی بدترین صورتحال سے آگاہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے معاشی تعلقات کو سراہا۔ ملاقات میں پاک سعودی تعلقات پر اظہار خیال کیا۔وزیراعظم عمران خان نے عالمی برادری بشمول مسلم کمیونٹی کو مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے کردارادا کرنے پر زور دیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں سعودی نائب وزیر دفاع خالد بن سلمان نے سعودی قیادت کا اہم پیغام وزیراعظم عمران خان کو پہنچایا جبکہ سعودی نائب وزیر دفاع نے سعودی قیادت کا پیغام وزیراعظم کو دیتے ہوئے کہا کہ علاقائی امن و سلامتی کے لیے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے مشکل وقت میں پاکستان کو اقتصادی تعاون فراہم کیا، دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے اقتصادی تعلقات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ بھارت میں مسلم اقلیت مظالم کا شکار ہے۔سعودی نائب وزیر دفاع خالد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، علاقائی امن و سلامتی کے لئے پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔اس سے قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے نائب وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے ملاقات کی۔پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے، ٹریننگ ایکسچینج پروگرام، خطے اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی گفتگوکی گئی۔

عمران خان

مزید : صفحہ اول