اپوزیشن تھکی نہیں، احتجاج میں مزید شدت لائیں گے،اکرم درانی
پشاور(این این آئی)خیبرپختونخوااسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی نے کہاہے کہ ہمارا احتجاج جاری رہے گا سپیکر نے اسمبلی کا مذاق بنارکھا ہے، اپوزیشن کے ساتھ وزیر اعلیٰ نے خود وعدے کئے لیکن ترقیاتی فنڈز کی تقسیم کے فارمولے پر عمل نہیں کیا جارہا۔اسمبلی اجلاس کے بعد میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے اپوزیشن لیڈراکرم درانی نے کہاکہ اپوزیشن کے ساتھ 35 فیصد فنڈز پر اتفاق ہوا تھا اپوزیشن ارکان کے لئے صرف ساڑھے تین کروڑ فنڈز کی بات کی جارہی ہے،حکومتی ارکان کو پچاس کروڑ اور ایک ارب تک فنڈز دینا کہاں کا انصاف ہے، انہوں نے کہاکہ قبائلی ارکان کو کوئی پوچھتا تک نہیں احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے، مجھے شرم آتی ہے سپیکر کا رویہ دیکھ کر، حکومت اپوزیشن کے احتجاج پر خوش ہوتی ہے اپوزیشن کے احتجاج کے دوران جلدبازی میں قانون سازی کی کیا حیثیت ہے؟ اکرم درانی نے کہاکہ وزیر اعلیٰ محمود خان کہتے ہیں کہ ہماری بیک مضبوط ہے حکومت نے ہماری سیاسی روایات کو تباہ کردیا ہے حکومت کے پاس کونسا آلہ دین کا چراغ ہے جو کروڑوں نوکریاں اور گھر دے گی؟ وزیر اعلیٰ کے دفتر کے سامنے احتجاجی کیمپ لگانے کا سوچ رہے ہیں، اپوزیشن تھکی نہیں، ہم احتجاج میں شدت لائیں گے۔
اکرم درانی