کراچی، سرکاری حکم کے باوجود کھلنے والے تمام سکولوں کی رجسٹریشن معطل

        کراچی، سرکاری حکم کے باوجود کھلنے والے تمام سکولوں کی رجسٹریشن معطل

  



کراچی(آئی ا ین پی) کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والے تمام سکولوں کی رجسٹریشن معطل کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت سندھ نے کورونا وائرس کے خدشے کے پیش نظر پہلے 27 اور 28 فروری کو سکول بند رکھنے کا اعلان کیا، بعدازاں یکم مارچ تک اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا گیا۔پاکستان میں کورونا وائرس کے مزید دو کیسز سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سکولوں کو3 مارچ تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔حکومت کی جانب سے تعلیمی ادارے بند رکھنے کے احکامات کے باوجود پیر کو کئی علاقوں میں سکول کھولے گئے۔ ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی ہدایت پر مختلف سکولوں کے خلاف کارروائی کی گئی اور ڈائریکٹریٹ کی انسپکشن ٹیم نے شہر کے مختلف سکولوں کا دورہ کیا۔ ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ لانڈھی، لیاری، کورنگی، گلشن حدید اور دیگر علاقوں میں کھلنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے کھلنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کے لیے چیئرمین بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کو سفارش بھی کی ہے۔ ان تمام اداروں کے سربراہان کو ڈی جی پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز نے طلب بھی کیا۔

کراچی سکول

مزید : صفحہ آخر