آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی پالیسیا ں ملک کو تباہ کر رہی ہیں: سراج الحق

    آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کی پالیسیا ں ملک کو تباہ کر رہی ہیں: سراج الحق

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ جاگیرداروں سرمایہ داروں اور وڈیروں نے مل کر غریبوں کو لوٹا ہے۔نظام کی تبدیلی کے بغیرمحنت کشوں کے حالات تبدیل نہیں ہوسکتے۔تبدیلی کا نعرہ لگانے والو ں نے ملک میں مہنگائی اورغربت کا طوفان برپا کر دیا ہے۔آئی ایم ایف اور ورلڈبینک کی پالیسیاں ملک کو تباہ کررہی ہیں۔اسلام کا عادلانہ نظام ہی محنت کشوں کوحقوق فراہم کر سکتا ہے۔آنکھیں بندکر کے غلامی کو برداشت کرنامنافقت ہے۔محنت کش ایک بڑی تبدیلی کیلئے متحد ہوجائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے تحت منصورہ میں تین روزہ مزدورلیڈرشپ ٹریننگ ورکشاپ اور جنرل کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو،نیشنل لیبرفیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدرشمس الرحمان سواتی،چیئرمین حافظ سلمان بٹ،سیکریٹری جنرل شاہدایوب خا ن، ریلوے پریم یونین کے جنرل سیکرٹری خیر محمد تونیو ودیگر نے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ملک میں غریبوں کیلئے انصاف کے دروازے بند ہوگئے ہیں۔روٹی مہنگی اور گولی سستی ہے۔پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن 72سال سے اس ملک میں کرپٹ اشرافیہ کی حکمرانی ہے۔ ملک وقوم کی دولت کو کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا اور قومی اداروں کو نج کاری کی بھینٹ چڑھا کر انھیں مکمل طور پر تباہ وبرباد کیا گیا۔اسٹیل مل اور پی آئی اے کو کسی محنت کش نے تباہ نہیں کیا بلکہ ان اداروں کی تباہی میں کرپٹ افسر شاہی اور سیاسی مداخلت نے ان اداروں کو تباہ کیا۔حکمرانو کی غلط پالیسیوں اور نااہلی کی وجہ سے عالمی ساہوکار ایک بار پھر پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔ملک قرضوں کی دلدل میں پھنستا جا رہا ہے،روشنی کی کوئی کرن نظر نہیں آرہی ہے۔انھوں نے کہا کہ محنت کش ایک بڑی قوت اور طاقت ہیں۔محنت کشوں کو چاہیے کہ وہ اپنی قوت کو پہچانیں اورظلم کے نظام کا خاتمہ کرنے کیلئے دیانت دار قیادت کا ساتھ دیں۔جماعت اسلامی کے پاس مکمل ہوم ورک موجود ہے اور ہم عوامی قوت کے ذریعے اقتدار میں آکر عوام کے بنیادی مسائل حل کرینگے اور جماعت اسلامی ہی پاکستان کو بحران سے نکال سکتی ہے۔موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مایوس کیا ہے اورتبدیلی غریب عوام کیلئے ایک عذاب بن گئی ہے۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ قرآن وسنت کا نظام ہی ہمارے مسائل کا واحد حل ہے۔پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے لیکن نااہل حکمرانو نے اپنی نااہلی سے پاکستان کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر