علمائے کرام عوام کو سماجی مسائل سے آگاہی کیلئے فعال کردار ادا کریں، عارف علوی

      علمائے کرام عوام کو سماجی مسائل سے آگاہی کیلئے فعال کردار ادا کریں، ...

  



اسلام آباد (این این آئی) صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے علمائے کرام پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کو سماجی مسائل سے آگاہی کیلئے مساجد میں اپنے خطبات کے ذریعے فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے معاشرتی اصلاح میں علمائے کرام کے کردار کے عنوان سے فکری نشست سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور اسلامی نظریاتی کونسل کے زیر اہتمام فکری نشست میں صاف و سرسبز پاکستان، تعلیم، صحت، قانون اور من گھڑت خبروں کے موضوعات پر غور کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی 9 فیصد آبادی ہیپاٹائٹس کا شکار ہے اس کے علاج کا خرچہ تقریباً 3.2 ارب ڈالر بنتا ہے، زچہ و بچہ خوراک کی کمی کا شکار ہیں، 40 فیصد بچے دماغی صلاحیت میں کمی، پولیو، پیدائش میں وقفہ جیسے مسائل کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں بچے کو دوسال ماں کا دودھ پلانے کا حکم دیا گیا ہے، ہمیں گلوبل وارمنگ، پانی کی قلت جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، درخت لگانا اور پانی کا ضیاع روکنا، بجلی کی بچت اور تعلیم بالغاں جیسے چیلنجز سے نمٹنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں خواتین کو وراثتی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے حالانکہ اس حوالے سے قرآن پاک میں بھی واضح احکامات دیئے گئے ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ قانون پر عملدرآمد ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے، حضور اکرم نے انسانیت کی خدمت کا عملی نمونہ پیش کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ قرآن پاک میں اچھی یا بری خبر کی تصدیق کا حکم دیا گیا ہے، بھارتی انتخابات کے موقع پر وٹس ایپ پر 84 فیصد خبریں جھوٹی تھیں، جھوٹی خبروں کے معاشرے پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جعلی خبروں کا خطرہ دنیا بھر میں بڑھ گیا ہے۔

عارف علوی

مزید : صفحہ آخر