آغا سراج درانی کی نعمت اللہ خان کے صاحبزادوں سے تعزیت

آغا سراج درانی کی نعمت اللہ خان کے صاحبزادوں سے تعزیت

  



کراچی (اسٹاف رپورٹر)اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے نعمت اللہ خان کے صاحبزادے ندیم اقبال ایڈوکیٹ و دیگر سے ان کے گھر جا کر اظہار تعزیت، دعائے مغفرت اوراہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، ممبر صوبائی اسمبلی سید عبد الرشید، الخدمت کے راشد قریشی، قیم ضلع سفیان دلاور و دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔حافظ نعیم الرحمن اور نعمت اللہ خان کے صاحبزادوں نے اسپیکر سندھ اسمبلی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ آغا سراج درانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سابق سٹی ناظم کراچی نعمت اللہ خان عظیم آدمی تھے، انہوں نے مختصر عرصے میں شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے بے مثال کام کئے، ان کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا،ان کی کارکردگی اب ہر منتخب ہونے والے نئے میئر کے لیے ایک معیار ہے۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ نعمت اللہ خان نے ضلعی نظامت کی مدت مکمل ہونے کے بعد گھر بیٹھنے کے بجائے خدمت خلق کی سرگرمیوں کو اپنااوڑھونابچھونا بنالیاتھا، بالا کو ٹ اور آزاد کشمیر کا زلزلہ ہو یا ملک کے مختلف شہروں میں قدرتی آفات، سابق سٹی ناظم سب سے پہلے اپنے رفقا اور امدادی سامان کے ہمراہ متاثرہ علاقے میں پہنچتے تھے۔ پیرانہ سالی کے باوجود بھر پور فعال زندگی انہی کا طرہ امتیاز تھا، ان کی پوری زندگی، بالخصوص شہری حکومت کے نظامت کا عرصہ امانت و دیانت کا دوسرا نام تھا، وہ کراچی کے شہریوں کے لیے فی الواقع نعمت تھے۔ بعدازاں انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسمبلی میں جماعت اسلامی کے سید عبد الرشید نے اسمبلی میں ہر موضوع پر بھر پور گفتگو کی ہے، ان کا کردار بہترین ذمہ دار رکن کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات اپنے رولز کے مطابق کرادینے چاہئیے، یہ عوامی خدمت کا کام جلد از جلد ہونا چاہیئے۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ کرونا وائرس کی صورتحال اور مسئلہ کی سنگینی کے پیش نظر صوبائی حکومت بہت جلد کرونا وائرس کے حوالے سے سندھ اسمبلی کا اجلاس بلائے گی اور مسئلہ کے حل کیلئے اہم فیصلہ کرے گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ صوبے کی بہتری کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

مزید : صفحہ اول