پیٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی عوام کیلئے لولی پوپ،نفیسہ شاہ
اسلام آباد (این این آئی)پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ڈرامائی انداز میں پیٹرولیم مصنوعات میں 5 روپیہ کی کمی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پہلے ہی پیٹرول کی مد میں پے پناہ ٹیکس وصول کر چکی ہے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات میں معمولی کمی عوام کے لیے لولی پوپ ہے جس کو عوام بھرپور طور پر رد کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کو چاہیے تھا کہ عوام کو انٹرنیشنل مارکیٹ میں ریٹس کی کمی کے حساب سے ریلیف دے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کے ٹیکس کے پیسوں سے تیل خرید کر قوم کو ہی مہنگا دیا جارہا ہے اور اصل فائدہ نااہل کابینہ بٹور رہی ہے انہوں نے کہاکہ عالمی منڈی میں جس طرح تیل کی قیمتوں میں کمی آئی ہے،اس حساب سے پیٹرولیم مصنوعات کی رقم کم کر کے عوام کو ریلیف دیا جاتا۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کی حکومت پیٹرولیم مصنوعات میں کمی کرکے احسان جتانا چاہتی ہے۔ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہاکہ نااہل حکومت کی نااہلی سے عوام مہنگائی میں پس رہی ہے آنے والے دنوں میں ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہوگا۔
نفیسہ شاہ