نیب کی سابق چیئرمین اسٹیل مل کی بریت کیخلاف اپیل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)قومی احتساب بیورو (نیب)نے سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب شیخ و دیگر کی بریت کا فیصلہ سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔نیب نے 90 کروڑ سے زائد کے کرپشن ریفرنس میں ملزمان کی بریت کے خلاف اپیل چیئرمین نیب کی جانب سے دائر کی ہے۔نیب کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا ہے کہ ملزمان پر اختیارات کے ناجائز استعمال کا الزام تھا، ملزمان نے قومی خزانے کو 90 کروڑ سے زائد کا نقصان پہنچایا ہے۔نیب اپیل کے متن کے مطابق اینٹی کرپشن نے 2010 میں معاملے کی تحقیقات شروع کی تھیں، سپریم کورٹ کے حکم پر کیس اینٹی کرپشن سے نیب کو منتقل ہوا۔اپیل میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق چیئرمین اسٹیل مل معین آفتاب سمیت 3 ملزمان کو عدم شواہد کی بنیاد پر بری کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔