اکاﺅنٹس منجمدکیس،احتساب عدالت نے فریال تالپور کے ذرائع آمدن کا ریکارڈ طلب کرلیا

اکاﺅنٹس منجمدکیس،احتساب عدالت نے فریال تالپور کے ذرائع آمدن کا ریکارڈ طلب ...
اکاﺅنٹس منجمدکیس،احتساب عدالت نے فریال تالپور کے ذرائع آمدن کا ریکارڈ طلب کرلیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلا م آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)احتساب عدالت نے فریال تالپور کے منجمد اکاﺅنٹس کھولنے کی درخواست پرفریال تالپور کے ذرائع آمدن کا ریکارڈ طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں فریال تالپور کے منجمد اکاﺅنٹس کھولنے کی درخواست پر سماعت ہوئی،فریال تالپور اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں،پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور نے روسٹرم پر آکر بتایاکہ اکاﺅنٹس منجمد ہونے کی وجہ سے گھر چلانے کیلئے مشکلات کا سامنا ہے ،میرے بچوں کے بہت اخراجات ہیں ،نیب نے میرے اور بچوں کے اکاﺅنٹس منجمد کرکے زیادتی کی ،فریال تالپور کاکہناتھا کہ ہر بار اس معاملے پر تاریخ پر تاریخ دے دی جاتی ہے ۔
فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے عدالت میں نیب کا خط پڑھ کر سنایا،فریال تالپور کے بجلی، گیس، پانی، سکول فیس اور دیگربل عدالت میں پیش کردیئے گئے،فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ بیٹیوں عائشہ تالپور اور فاطمہ تالپور کے اکاﺅنٹس بھی منجمد ہیں ،اکاﺅنٹس زرداری گروپ آف کمپنیز کے نام پر منجمد کئے گئے ،الزام زرداری گروپ پر ہے اور ذاتی اکاﺅنٹس منجمد کئے گئے ۔
جج احتساب عدالت نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کے ذرائع آمدن کیا ہیں ؟،وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ درخواست گزار کا زرعی کاروبار ہے ،نیب ذاتی اکاﺅنٹس کو جعلی اکاﺅنٹس سے جوڑنے کے شواہد پیش نہیں کرسکا،عدالت نے فریال تالپور کے ذرائع آمدن کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کردی۔