بھارت میں کرونا وائرس سے متاثرہ شخص نے سالگرہ کی پارٹی رکھ لی اور پھر ۔۔۔ انتہائی پریشان کن خبر آگئی
نئی دلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی وزارت صحت کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ ایک شخص نے دلی کے ایک ہوٹل میں اپنے بیٹے کی سالگرہ کی تقریب رکھی تھی جس کی وجہ سے کئی لوگوں میں وائرس کے پھیلاﺅ کا خطرہ ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق اٹلی سے واپس آنے والے شخص میں کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، اس شخص کی جانب سے دلی کے حیات ہوٹل میں اپنے بیٹے کی سالگرہ کی پارٹی رکھی گئی ، حکام کو جیسے ہی اس بات کا پتا چلا تو ان کی دوڑیں لگ گئیں۔ نوئیڈا میں 2 پرائیویٹ سکولوں کو بند کردیا گیا کیونکہ ان میں سے ایک سکول میں متاثرہ شخص کا بیٹا زیر تعلیم ہے۔
خیال رہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ شخص نے گزشتہ ہفتے دلی کے فائیو سٹار ہوٹل میں اپنے بیٹے کی سالگرہ کی پارٹی رکھی تھی جس میں بچوں اور ان کے والدین نے شرکت کی تھی۔
دوسری جانب حیات ہوٹل کی انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جب سے کرونا وائرس سے متاثرہ شخص کی سالگرہ تقریب کی خبر آئی ہے اس کے بعد انہوں نے ہوٹل میں تمام ضروری اقدامات شروع کردیے ہیں، جو لوگ 28 فروری کو پارٹی والے دن موجود تھے انہیں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے طور پر خود کو 14 دن کیلئے قرنطینہ کرلیں تاکہ وائرس کے پھیلاﺅ کو روکا جاسکے۔واضح رہے کہ اب تک انڈیاکے 6 لوگوں میں کرونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ۔