سعودی نائب وزیر دفاع اور او آئی سی وفد کا دورہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سفارتی کامیابی،دوحہ معاہدے پر عمل خطے میں امن کی ضمانت بنے گا، :علامہ طاہر اشرفی

سعودی نائب وزیر دفاع اور او آئی سی وفد کا دورہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی ...
سعودی نائب وزیر دفاع اور او آئی سی وفد کا دورہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی سفارتی کامیابی،دوحہ معاہدے پر عمل خطے میں امن کی ضمانت بنے گا، :علامہ طاہر اشرفی

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)قطر دوحہ امن معاہدہ پر عمل خطہ میں امن کی ضمانت بنے گا،پاکستان کا امن کیلئے کردار پوری دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے ،سعودی نائب وزیر دفاع کے وفد کا دورہ پاکستان اور او آئی سی کے وفد کی کشمیر کی صورتحال پر دورہ سے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کی اہمیت کو واضح کرتا ہے،پاکستان اسلامی ممالک کے درمیان اختلافات کا خاتمہ مذاکرات سے چاہتا ہے،عالمی برادری مسلم دنیا ہندوستان میں اقلیتوں کے تحفظ کیلئے فوری کردار ادا کریں، ہندوستان میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم پر خاموش نہیں رہا جا سکتا،صدر مملکت کی طرف سے قومی مسائل پر علماء و مشائخ اور حکومتی ذمہ داران کی نشست درست سمت قدم ہے ، 6 مارچ کو ملک بھر میں خطبات جمعہ میں کرونا وائرس کی وبا سے آگاہی دی جائے گی ۔

یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دیگر قائدین کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر مولانا اسید الرحمن سعید، مولانا نعمان حاشر ، مولانا قاسم قاسمی،علامہ زاہد کاظمی ، مولانا سید ضیاء اللہ شاہ بخاری ، مولانا محمد خان لغاری، مولانا غلام اللہ خان،مولانا ابو بکر صابری ، مولانا طاہر عقیل اعوان ، مولانا الیا س مسلم ، مولانا حفیظ الرحمن ، مولانا گلستان ، مولانا نائب خان ، مولانا شہزاد احمد اور دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدہ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی امن کیلئے مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے ، افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدہ خطہ میں امن اور استحکام کا سبب بنے گا،دوحہ معاہدہ کی مکمل حمایت و تائید کرتے ہیں، دوحہ امن معاہدہ کو ناکام بنانے کی کوشش کرنے والے عالمی امن سے نہ کھیلیں ، پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے امن کیلئے کردار ادا کیا ہے، اسرائیل اور ہندوستان کو مان لینا چاہیے کہ طاقت کی بنا پر قوموں کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا، پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے نظام خلافت راشدہؓ نافذ کرنا ہو گا ، عقیدہ ختم نبوتﷺ کا ہر مسلمان محافظ ہے ، 10 مارچ کو لاہور میں نظام خلافت راشدہؓ کانفرنس ہو گی، 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس اسلام آباد میں ہو گی، مدارس اور حکومت کے درمیان معاہدے کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدہ کیلئے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے ، پاکستانی عوام اور افواج نے افغانستان میں امن کیلئے بے انتہا قربانیاں دی ہیں، افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان معاہدہ کیلئے جنرل قمر جاوید باجوہ اور سلامتی کے اداروں کا کردار روز روشن کی طرح واضح ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دوحہ معاہدہ اسرائیل اور ہندوستان کیلئے بھی پیغام ہے کہ طاقت کے زور پر قوموں کو یرغمال نہیں بنایا جا سکتا ، پاکستان کا موقف عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے ، سعودی نائب وزیر دفاع کا دورہ پاکستان اور پاکستان کی قیادت کی امن کیلئے کوششوں کی تحسین پاک سعودی عرب تعلقات کو واضح کر رہے ہیں۔ انہوں نے او آئی سی کے وفد کے دورہ کو کشمیر کے مسئلہ پرپاکستان کی کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ او آئی سی کا کشمیر کی موجودہ صورتحال پر وفد کا ارسال کرنا پاکستان کے موقف کیلئے تقویت کا سبب بنے گا جس پر ہم او آئی سی کی قیادت کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے کیلئے نظام خلافت راشدہؓ کا نفاذ کرنا ہو گا ، پاکستان کے مسائل کا حل نظام خلافت راشدہؓ میں ہے جس میں انصاف ، تعلیم ، صحت اور تحفظ ریاست ہر فرد کو مہیا کرتی ہے،پاکستان علماء کونسل ملک بھر میں نظام خلافت راشدہؓ کانفرنسیں منعقد کر کے عوام الناس کو مدینہ منورہ کی ریاست کے ثمرات سے آگاہ کرے گی ۔

انہوں نے کہا کہ نظام خلافت راشدہؓ کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات اٹھانے ہوں گے ، پاکستان علماء کونسل کے تحت 10 مارچ کو لاہور میں نظام خلافت راشدہؓ کانفرنسیں منعقد ہوں گی ، 29 مارچ کو پانچویں عالمی پیغام اسلام کانفرنس کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہو گی جس سے دنیا اسلام کے اہم نمائندے خطاب کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مدارس عربیہ کے نصاب میں کوئی تبدیلی نہیں کی جا رہی ہے اور نہ ہی مدارس کے اندرونی معاملات میں حکومت مداخلت کر رہی ہے ، مدارس کے امتحانی بورڈز اور تنظیموں نے وزارت تعلیم سے جو معاہدہ کیا ہے وہ درست سمت قدم ہے ۔انہوں نے کہا کہ حج فارم سے عقیدہ ختم نبوتﷺ کا حلف نامہ کوئی ختم نہیں کر سکتا، حج پر وہی جائے گا جو عقیدہ ختم نبوتﷺ کا حلف نامہ پُر کرے گا، وزارت مذہبی امور نے معاملات کی اصلاح کی ہے ، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قدری خود ختم نبوتﷺ کے چوکیدار ہیں ، کیسے ممکن ہے کہ ان کی موجودگی میں کوئی عقیدہ ختم نبوتﷺ سے کوئی کھیل سکے۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب کی حکومت کی طر ف سے عمرہ اور وزٹ ویزہ پر جانے والوں پر عارضی پابندی درست سمت اور شریعت اسلامیہ کے مطابق ہے، سعودی عرب کی حکومت حجاج کرام اور زائرین کی خدمت اور صحت کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہتی ہے ،ان شاء اللہ یہ وبا جلد ختم ہو جائے گی اور حج اس وبا سے متاثر نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ 6 مارچ جمعۃ المبارک کو ملک بھر کے علماء و مشائخ کرونا وائرس اور اس سے تحفظ کے بارے میں عوام الناس کو آگاہی دیں گے۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز صدر مملکت عارف علوی کی صدارت میں وزارت مذہبی امور کے تعاون سے ہونے والی فکری نشست کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معاملات کی اصلاح کیلئے یہ درست سمت قدم ہے،پاکستان میں نظام خلافت راشدہؓ کے نفاذ کیلئے حکومت سے ہر سطح پر تعاون کریں گے۔

مزید : علاقائی /اسلام آباد